تجاوزات کا خاتمہ، صاف شہروں اور خودکار میٹر ریڈنگ سسٹم جیسے حکومتی اقدامات عوامی فلاح کی واضح مثال ہیں ، اویس لغاری

ملتان سمیت جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں ، وفاقی وزیر پانی وبجلی کا خطاب

اتوار 27 اپریل 2025 17:35

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2025ء)وفاقی وزیر پانی و بجلی سردار اویس خان غاری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے اقدامات، بالخصوص مریم نواز کی قیادت میں تجاوزات کا خاتمہ، صاف شہروں اور خودکار میٹر ریڈنگ سسٹم جیسے اقدامات عوامی فلاح کی واضح مثال ہیں ،ملتان سمیت جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں ،سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ کارکن پارٹی کا اثاثہ ہیں اور انہیں ساتھ لے کر چلنا ہوگا آج کا اجتماع اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلم لیگ ن ملتان کو پھر سے سیاسی قلعہ بنائے گی،وزیر مملکت پانی و بجلی ملک عبدالرحمن خان کانجو نے کہا کہ مسلم لیگ (ن ملتان میں دوبارہ اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے گی۔

پارٹی کو درپیش جمود توڑا جائے گا اور کارکنان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن ملتان ڈویژن کے سیکرٹری نشرو اشاعت سعد خان کانجو کی طرف سے دیئے گئے سرکٹ ہاوس میں استقبالیہ سے خطاب کے دوران کیا جبکہ تقریب سے حاجی جاوید اختر انصاری،عبدالرحمن فری، آفتاب جٹ،ملک طاہر،اصف قریشی،میاں اویس،زمان شاہ ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

پارٹی رہنما سعد خان کانجو نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی قیادت میں صوبہ بھر میں بے روزگاری کے خاتمے، کاشتکاروں کو حقیقی معنوں میں ریلیف دینے سمیت دیگر مسائل کے حل کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں یہی وجہ ہے کہ مخالفین ن لیگ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی وجہ سے خوفزدہ ہو کر منفی پروپیگنڈے کر رہے ہیں لیکن ن لیگ ان منفی پروپیگنڈوں سے گھبرانے والی نہیں ہے۔