عظمیٰ بخاری کا سندس فاؤنڈیشن کا دورہ، تھیلیسیمیا کی مریض بچی کو وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے سکوٹی کا خصوصی تحفہ

سندس فاؤنڈیشن منو بھائی کا بہت بڑا کارنامہ ہے، خون کا عطیہ کرنے والے شہری تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کو خون لازمی دیں‘ وزیر اطلاعات

اتوار 27 اپریل 2025 20:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2025ء)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے گزشتہ روز سندس فاؤنڈیشن لاہور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کی عیادت کی، ان کے ساتھ وقت گزارا اور ان میں تحائف تقسیم کیے۔ اپنے دورے کے دوران عظمیٰ بخاری نے بچوں پر دستِ شفقت رکھا اور ان کے عزم و حوصلے کو سراہا۔اس موقع پر عظمیٰ بخاری نے سندس فاؤنڈیشن کے تحت زیرعلاج ایک بچی کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے خصوصی طور پر سکوٹی کا تحفہ بھی پیش کیا، جس پر بچے اور ان کے اہل خانہ نے خوشی کا اظہار کیا۔

عظمیٰ بخاری نے اپنے خطاب میں سندس فاؤنڈیشن کو معروف صحافی منو بھائی کا عظیم کارنامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ منو بھائی نے نہ صرف صحافت کے میدان میں گراں قدر خدمات انجام دیں بلکہ تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے جو کام کیا، وہ خراج تحسین کے لائق ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات نے تھیلیسیمیا کے مرض کی سنگینی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس بیماری میں مبتلا بچوں کو مسلسل خون کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے بڑھ چڑھ کر خون عطیہ کریں تاکہ ان معصوم جانوں کو نئی زندگی دی جا سکے۔عظمیٰ بخاری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب حکومت تھیلیسیمیا سمیت دیگر مہلک بیماریوں کے شکار بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔