م*ڈیرہ جات 2025 کی شاندار کوریج پر محکمہ اطلاعات کی ٹیم کو اعزازی شیلڈ سے نوازا گیا

اتوار 27 اپریل 2025 20:45

/ پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اپریل2025ء)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے کھیل، سیاحت و امورِ نوجوانان خیبر پختونخوا، سید فخر جہان نے ڈیرہ جات 2025 کی موثر میڈیا کوریج پر محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ کی ٹیم کو اعزازی شیلڈ سے نوازا۔ ڈیرہ جات فیسٹیول 2025، تقریباً ایک ماہ تک جاری رہا۔ محکمہ اطلاعات کے کریٹیو ونگ نے ڈیرہ جات میں ہونے والی تمام تقریبات اور سرگرمیوں کو مؤثر، جامع اور تخلیقی انداز میں اجاگر کیا۔

ناصرف ڈیرہ جات کے تمام مراحل کی پروڈکشن کو اعلیٰ معیار پر مکمل کیا گیا بلکہ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پربھی اس کی بھرپور تشہیر کی گئی۔فیسٹیول کی کوریج کے دوران مجموعی طور20دنوں کے دوران 24 ویڈیو پیکیجز، 30انفوگرافکس اور ایک خصوصی دستاویزی فلم تیار کی گئی، جنہیں سوشل میڈیا پر ہزاروں افراد نے پسند کیا اور سراہا۔

(جاری ہے)

کریٹیو ونگ کی اس مؤثر کاوش کو سراہتے ہوئے صوبائی وزیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان سید فخر جہان نے ٹیم کے اراکین کو دفتر میں مدعو کیا، ان کی پیشہ وارانہ خدمات پر شکریہ ادا کیا، اور انہیں اعزازی شیلڈ سے نوازا۔

واضح رہے کہ کریئیٹو ونگ، محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کا ایک ذیلی ادارہ ہے، جو سیکرٹری اطلاعات و تعلقات عامہ کی سربراہی اور ڈائریکٹر ڈاکٹر دانش بابر کی قیادت میں اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے سرکاری مہمات کی کامیاب پیشکش میں مصروفِ عمل ہے۔