Live Updates

تدریسی شعبے تک کو پیسہ کمانے کی انڈسٹری بنادیا گیا ہے، شاہد فراز

ہمارے یہاں پرفیشنل تعلیم کیلئے، صلاحیت نہیں پیسہ درکارہوتا ہے، جہا ں امتحانی مراکز فروخت اور داخلے خریدنے پڑیں وہاں کا تعلیم نظام کیا ہوگا،سیکرٹری جنرل مہاجرقومی موومنٹ کی طلباء کے وفد سے گفتگو

اتوار 27 اپریل 2025 21:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2025ء)مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے سیکریٹری جنرل شاہد فراز نے آفاق احمد کی رہا ئشگاہ پرطلبا کے ایک وفد سے ملاقات کی جس میں طلبا نے انہیں حالیہ میٹرک امتحانات میں مافیاز کی بدمعاشیوں اور کرپشن کے حوالے سے آگاہ کیا،جس میں بتایا گیا کہ پرچے کے آغاز سے قبل پرچے کا شوشل میڈیا پر وائرل ہونا معمول کا حصہ بن چکا ہے، جبکہ موبائل فون کا امتحانی مراکز میں آزادانہ استعمال، بچوں کی تبدیلی اور امتحانی کاپیوں کا مراکز سے باہر جانے سمیت ہر کام کے پیسے بچوں کی حیثیت اور سہولت کے مطابق وصول کئے جاتے ہیں۔

نقل مافیا اتنا مضبوط و طاقتور ہے کہ اسکے ایک اشارے پر امتحانی مراکز اور اعلی حکومتی افسران تک کو تبدیل کردیا جاتا ہے جبکہ انتظامیہ وپولیس انکی مکمل سرپرستی کرتی دکھائی دیتی ہے۔

(جاری ہے)

شاہد فراز نے کہا کہ دیگر شعبہ جات کی طرح تدریسی شعبے تک کو پیسہ کمانے کی انڈسٹری بنادیا گیا ہے، جہاں اعلی اور پروفیشنل تعلیم کیلئے صلاحیت کی نہیں بلکہ پیسے اور تعلقات کی ضرورت ہوتی ہے،جو معاشرے کے بگاڑ کا سبب بن رہا ہے۔

شاہد فراز نے کہا کہ جس معاشرے میں صلاحیت سے زیادہ ڈگری کو اہمیت دی جاتی ہے وہاں میرٹ اور صلاحیت کا خاتمہ ہوجاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ کی کرپٹ حکومت نے شہر کو مافیازکے زریعے چلانے کا آسان راستہ تلاش کرلیا ہے جہاں امتحانی مراکز فروخت اور داخلے خریدنے پڑیں وہاں کے معیار تعلیم کا اندازہ لگانا مشکل نہیں، ہم کس کس مسئلے پر اعلی عدلیہ سے اور ارباب اختیار سے اپیل کریں تمام نظام ہی کرپشن کی نظر ہوچکا ہے اسکے باوجود ہ شکست تسلیم نہیں کرینگے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات