مانسہرہ میں جیپ کھائی میں جا گری، 4 افراد جاں بحق، 8 زخمی

جاں بحق ہونے والوں میں ایک بچی اور 3 خواتین شامل، زخمیوں کی حالت بھی تشویشناک بتائی گئی

Sajid Ali ساجد علی پیر 28 اپریل 2025 11:51

مانسہرہ میں جیپ کھائی میں جا گری، 4 افراد جاں بحق، 8 زخمی
مانسہرہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اپریل 2025ء ) صوبہ خیبرپختونخواہ کے علاقہ مانسہرہ میں جیپ کھائی میں جا گری، ھادثے میں 4 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ مانسہرہ کے علاقے سنڈھی جبوڑی میں پیش آیا، جیپ سنڈھی سے جبوڑی کی جانب آ رہی تھی کہ اس دوران حادثے کا شکار ہوگئی، اس حادثے میں جیپ ایک کھائی میں گرگئی جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 8 افراد زخمی ہوئے۔

ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کردیں، حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں ایک بچی اور 3 خواتین شامل ہیں، زخمیوں کو فوری طور پر کنگ عبداللہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے جب کہ پولیس نے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔

(جاری ہے)

ادھر صوبہ سندھ کے ضلع جامشورو کی تحصیل تھانہ بولاخان کے قریب مسافروں سے بھری گاڑی کھائی میں گرگئی، حادثے میں 16 مسافر جاں بحق اور25 سے زائد زخمی ہوگئے جہاں مسافر وین بریک فیل ہونے کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہو کر پہاڑی سے نیچے جا گری جس میں بھیل برادری کی خواتین بچوں سمیت دیگر افراد سوار تھے، واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ مرنے والے مسافروں کی لاشیں اور زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں زخمیوں کا علاج معالجہ جاری ہے، گندم کی کٹائی کے بعد بدین جانے والے بھیل برادری کے 40 سے زائد افراد گاڑی میں سوار ہوکر واپس آرہے تھے کہ راستے میں یہ حادثہ ہوگیا، حادثے کی شدت اس قدر تھی کہ کئی مسافر موقع پر ہی دم توڑ گئے اور متعدد زخمیوں کو فوری طبی امداد کی اشد ضرورت تھی تاہم جائے حادثہ دشوار گزار علاقے میں واقع ہونے کے باعث زخمیوں کو ہسپتالوں تک پہنچانے میں 4 سے 5 گھنٹے لگ گئے۔