"This petition has brought fruit" صحافی احمد نورانی کے بھائیوں کی بازیابی پر جج نے آرڈر لکھوادیا

احمد نورانی کے بھائیوں کو کس جرم میں اٹھایا گیا؟ کون سی دفعات لگائی گئیں؟ آئینی عدالت اس حوالے سے کچھ بھی معلوم نہ کرسکی

Sajid Ali ساجد علی پیر 28 اپریل 2025 12:59

"This petition has brought fruit" صحافی احمد نورانی کے بھائیوں کی بازیابی پر جج نے ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اپریل 2025ء ) معروف صحافی احمد نورانی کے بھائیوں کی بازیابی پر جج نے آرڈر لکھوادیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے صحافی احمد نورانی کے دو بھائیوں کے بازیابی کیلئے دائر درخواست نمٹادی، اس حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے آرڈر لکھوایا کہ "This petition has brought fruit" اسلیے درخواست نمٹا رہے ہیں، اس موقع پر جسٹس راجہ انعام امین منہاس کا ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ احمد نورانی کے بازیاب ہونے والے بھائیوں کی بازیابی کیلئے آپ نے بڑی کوشش کی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ احمد نورانی کے بھائیوں کو کس جرم میں اٹھایا گیا؟ کون سی دفعات لگائی گئیں؟ آئینی عدالت اس حوالے سے کچھ بھی معلوم نہ کرسکی، احمد نورانی کے بھائیوں کی بازیابی کے بعد ایف آئی آر کی کاپی نہ دی جا سکی اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست نمٹا دی گئی۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ آج کی سماعت کے موقع پر ڈی آئی جی اسلام آباد،ڈی ایس پی لیگل اور ایمان مزاری کمرہ عدالت میں پیش ہوئیں، ایمان مزاری نے عدالت کو بتایا کہ ’سر بندے بازیاب ہو چکے ہیں‘، جسٹس انعام امین منہاس نے کہا کہ ’ آپ کی اس میں بہت کوشش ہے‘، ایمان مزاری نے استدعا کی کہ ’سر ہماری گزارش ہے کہ ایف آئی آر کی کاپی ابھی تک نہیں دی گئی‘، جس پر جج نے کہا کہ ’ایف آئی آر کی کاپی عدالت کو نہیں مل سکی‘، اس پر ایمان مزاری نے جواب دیا کہ ’حیرت انگیز ہے کہ ایک آئینی عدالت کہہ رہی ہے ایف آئی آر نہیں آسکی‘، جس پر جسٹس انعام امین منہاس نے کہا کہ ’میڈم بندے بازیاب ہو چکے ہیں تو میں اس کیس کو نمٹا رہا ہوں‘۔

یاد رہے کہ صحافی احمد نورانی کے دونوں مغوی بھائی گھر پہنچ گئے ہیں، دونوں بھائی محمد علی اور سیف الرحمان حیدر اسلام آباد میں اپنے گھر پہنچے ہیں، دونوں بھائی ایک ماہ سے زائد عرصے سے لاپتہ تھے، تاہم یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ پنجاب پولیس نے دونوں بھائیوں کو کچے کے ڈاکؤوں سے بازیاب کرانے کا دعویٰ کیا۔ اس حوالے سے رحیم یارخان پولیس حکام نے بتایا کہ پولیس کا کچہ ماچھکہ میں دوران گشت ڈاکوؤں سے مقابلہ ہوا اس دوران 02 مغوی بازیاب ہوئے ، یہ مغوی احمد نورانی کے 2 بھائی ہیں جنہیں ان کے گھر سے اغوا کیا گیا تھا، دوران ِکاروائی 02 ڈاکوؤں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں تاہم اغواء کار دونوں مغویوں کو چھوڑ کر کچے کے علاقے میں فرار ہوگئے، بازیاب مغویوں کی شناخت محمد علی اور سیف الرحمن حیدر پسران بشیر احمد سعیدی کے نام سے ہوئی ، بازیاب ہونے والے افراد کاتعلق اسلام آباد سے ہے۔