محکمہ موسمیات کی سرگودھا اور گردونواح میں گرمی میں اضافے کے پیش نظر ایڈوائزری جاری

پیر 28 اپریل 2025 15:46

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2025ء) محکمہ موسمیات نے سرگودھا اور گردونواح میں گرمی کی شدت میں اضافے کے پیش نظر ایڈوائزری جاری کر دی،جس میں شہریوں کو دن 11 سے شام 5بجے تک غیر ضروری طور پر گھروں سے نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے تعلیمی اداروں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کےساتھ ساتھ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کرنے پر زور دیاہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے درجہ حرارت میں مزید اضافہ ہوگا دوسری طرف گندم کی کٹائی کے پیش نظر دمہ کے مریضوں کے لئے ماسک کے استعمال کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے کیونکہ گردوغبار اور مکھیوں کی بہتات کے باعث مختلف بیماریاں جنم لیتی ہیں جس سے لوگوں کے لئے مشکلات بڑھتی ہیں۔ ماہر امراض بچگان ڈاکٹر نعمان خالد قریشی نے کہا ہے کہ اس وقت گرمی کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے جس سے بچنے کے لئے بچوں کو نمکول کا استعمال زیادہ سے زیادہ کروائیں جبکہ بڑوں کو بھی چاہیئے کہ وہ گرمی کی شدت میں غیر ضروری طور پر گھروں سے نکلنے سے پرہیز کریں اس سے آنکھیں خراب اور گرمی لگنے کا اندیشہ رہتا ہے۔

متعلقہ عنوان :