ڈی سی لاہور کا منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم

پیر 28 اپریل 2025 15:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قیمتوں کی نگرانی کا عمل تیز کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔ڈی سی لاہور کی ہدایت پر تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ منافع خوروں کے خلاف سخت ایکشن لیں جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں سرگرم عمل ہیں۔

سید موسی رضا نے کہا کہ عوامی حقوق کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ضلعی رپورٹ کے مطابق لاہور میں سبزیوں کی قیمتوں میں مجموعی طور پر استحکام دیکھا گیا ہے۔ پیاز اور لہسن کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے جبکہ آلو، ٹماٹر، کریلا، بینگن اور بند گوبھی سمیت کئی سبزیوں کی قیمتیں برقرار رہی ہیں۔

(جاری ہے)

اروی، مٹر، ہری مرچ اور بھنڈی کی قیمتوں میں بھی استحکام رہا۔

اسی طرح میتھی، گاجر، شلجم، پالک اور شملہ مرچ کی قیمتوں میں بھی کوئی تبدیلی نہیں آئی۔پھلوں کے نرخوں کا جائزہ لینے پرڈی سی لاہور کو بتایا گیا کہ سیب، کیلا، امرود، خرمہ اور خربوزہ کی قیمتیں مستحکم رہیں، جبکہ کینو کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ڈی سی لاہور نے کہا کہ ناجائز منافع خوروں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ شہریوں کی سہولت کے لیے ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جہاں شکایات درج کرائی جا سکتی ہیں۔اس کے علاوہ شہری ضلعی انتظامیہ سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔سید موسی رضا نے یقین دہانی کرائی کہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے گا اور گراں فروشوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔