لبنانی صدر کا امریکہ اور فرانس سے اسرائیلی حملے رکوانے کامطالبہ

اسرائیل کا بیروت میں حزب اللہ کے ایک ٹھکانے کو فضائی حملے میں نشانہ بنانے کا دعویٰ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 28 اپریل 2025 14:55

لبنانی صدر کا امریکہ اور فرانس سے اسرائیلی حملے رکوانے کامطالبہ
بیروت(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28 اپریل ۔2025 )اسرائیل نے بیروت میں حزب اللہ کے ایک ٹھکانے کو فضائی حملے میں نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے اسرائیل نے بیروت کے جنوبی مضافات میں ایک عمارت کو خالی کرانے کا حکم دیا جس کے بارے میں اس کا کہنا تھا کہ اسے حزب اللہ استعمال کر رہی تھی. اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس نے حزب اللہ کے ایک سٹور کو نشانہ بنایا ہے جس میں گائیڈڈ میزائل نصب کیے گئے ہیں جو اسرائیلی ریاست اور اس کے شہریوں کے لیے خطرہ ہیں عالمی نشریاتی ادارے کی جانب سے جاری ہونے والی حملے کی لائیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے مذکورہ عمارت خالی کروانے کے حکم کے ایک گھٹنے کے بعد اس عمارت سے بہت بلندی تک دھوئیں کے بادل اٹھ رہے ہیں.

(جاری ہے)

لبنانی حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ ریسکیو اہلکاروں نے آگ بھجانے کا کام کیا لبنانی صدر نے اس حملے کی مذمت کی ہے اور امریکہ اور فرانس سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر دباﺅ ڈالیں کہ وہ ملک پر حملے بند کرے خیال رہے کہ اسرائیل کی جانب سے یہ حملہ پانچ ماہ قبل جنگ بندی کے نفاذ کے باوجود کیا گیا. ایک ماہ میں یہ پہلا موقع ہے جب اسرائیل نے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے دہیح کو نشانہ بنایا ہے جہاں حزب اللہ کا مرکز ہے اسرائیل نے مسلسل ایسے اہداف کو نشانہ بناتا ہے، جن کے بارے میں اس کا کہنا ہے کہ ان کا تعلق حزب اللہ سے ہے.

اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس انفراسٹرکچر سائٹ پر میزائلوں کا ذخیرہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان مفاہمت کی کی خلاف ورزی ہے جو کہ اسرائیل اور اس کے شہریوں کے لیے خطرہ ہے. دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے کہا ہے کہ اسرائیل حزب اللہ کو مضبوط نہیں ہونے دے گا بیان میں کہا گیا ہے کہ بیروت کے اس علاقے کو دہشت گرد تنظیم حزب اللہ کے لیے محفوظ پناہ گاہ کے طور پر کام نہیں کرنے دیا جائے گا لبنان کے لیے اقوام متحدہ کی خصوصی کوآرڈینیٹر جینین ہینس نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ” ایکس “پراپنے پیغام میں کہا کہ ہم تمام فریقین پر زور دیتے ہیں کہ وہ ایسے کسی بھی اقدام سے باز رہیں جس سے سیز فائر کو مزید نقصان پہنچے.