وفاقی محتسب اعلیٰ کی ہدایات کے تحت علاقائی محتسب فیصل آباد کی چک جھمرہ میں عوامی مسائل کے فوری حل کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد

پیر 28 اپریل 2025 18:48

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2025ء) وفاقی محتسب اعلیٰ اعجاز احمد قریشی کی ہدایات کے تحت عوامی مسائل کے فوری حل کیلئے یاسر شبیر ملک انویسٹیگیٹنگ آفیسر و ڈپٹی رجسٹرار علاقائی محتسب فیصل آباد کی زیر صدارت چک جھمرہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر یاسر شبیر ملک نے’’ اے پی پی ‘‘سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کھلی کچہری کے چک جھمرہ میں انعقاد کے بارے میں بتایا کہ وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کی ہدایات کے مطابق پیر کو یہاں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا ہے تاکہ ایسے غریب،پسے ہوئے سائلین و متاثرین جو وسائل نہ ہونے کے باعث علاقائی محتسب فیصل آباد کے دفتر نہیں پہنچ سکتے کے بارے میں معلومات بھی لی گئیں ہیں کو ان کی دہلیز پر مفت اور فوری انصاف فراہم کیا جائے تاکہ ان کی تکالیف کو کم کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری میں وفاقی سرکاری اداروں فیسکو،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور نادرا کے افسران بھی موجود ہیں تاکہ عوام کے مسائل کو فوری طور پر حل کر کے ریلیف فراہم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ عوام و سائلین کا بڑی تعداد میں کھلی کچہری میں آنا وفاقی محتسب کے ادارہ پر اعتماد کا مظہر ہے جس پر ادارہ ان کا مشکور ہے۔انہوں نے کہا کہ حق دار کو اس کا حق ضرور دلوائیں گے۔

کھلی کچہری میں 70 سے زائد درخواستوں کی سماعت کی گئی جن میں سے اکثریت پر فوری کاروائی کی گئی اور موقع پر سائلین کو ریلیف فراہم کیا گیا تاہم مزید تفتیش طلب درخواستوں پر کاروائی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ کھلی کچہری میں ایکسیئن،ایس ڈی اوزفیسکو،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے افسروں، نادرا کے سینیئر افسروں اور دیگر وفاقی سرکاری اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

کھلی کچہری میں سائلین کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور انویسٹی گیٹنگ آفیسر یاسر شبیر ملک کو اپنے مسائل اور عرضداشت پیش کی جس پر انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسروں سے وضاحت طلب کی اور بیشتر درخواستوں اور مسائل کو موقع پر حل کیا۔انویسٹیگیٹنگ آفیسر نے فیسکو،نادرا اور بسپ کے افسران کا کھلی کچہری میں سائلین کوفوری ریلیف فراہم کرنے، شرکت اور تعا ون پر شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر اکثر خواتین نے بی آئی ایس پی سے متعلق پیسے نہ ملنے کی شکایات کی جن کے حل کے لیے یاسر شبیر ملک نے متعلقہ افسروں سے پوچھ گچھ کی اور حل طلب درخواستوں کو فوری طور پر نمٹا دیا۔ سائلین نے کھلی کچہری کے چک جھمرہ جیسے دور دراز علاقہ میں انعقاد پر وفاقی محتسب اعلیٰ اعجاز احمد قریشی اور علاقائی محتسب فیصل آباد کا نہ صرف شکریہ ادا کیا بلکہ کہا کہ غریبوں کو ان کی دہلیز پر فوری اور مفت انصاف فراہم کرنے پر دل سے دعائیں دیتے ہیں۔