Live Updates

فلسطین سے برما تک مظلوم لہو پکار رہا ہے، مسلم دنیا جاگے، تحریک اہلسنّت

پیر 28 اپریل 2025 18:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء) تحریک اہلِ سنت پاکستان کے مرکزی رہنما پیر سید ارشد علی شاہ کاظمی القادری نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف جاری ظلم وجارحیت پر عالمی ضمیر کی خاموشی نہایت افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین، کشمیر، یمن، شام اور برما سمیت متعدد خطوں میں مسلمانوں کو نسل کشی، جبرو تشدد اور انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزیوں کا سامنا ہے، لیکن اقوامِ عالم کی مجرمانہ خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔

پیرسید ارشدعلی شاہ کاظمی نے کہا کہ پانی اب سر سے اونچا ہو چکا ہے، محض تقریروں، مذمتی بیانات اور قراردادوں سے آگے بڑھ کر اب امتِ مسلمہ کو عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔ انہوں نے مسلم حکمرانوں اور عالمی اسلامی قیادت سے مطالبہ کیا کہ وہ اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کو مؤثر، فعال اور مضبوط ادارہ بنانے کے لیے فوری اقدامات کریں تاکہ مسلمانوں کی اجتماعی آواز عالمی سطح پر سنی جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دیا کہ امتِ مسلمہ کو اپنے اندرونی اختلافات ختم کر کے اتحاد، اخوت اور یگانگت کا مظاہرہ کرنا ہوگا، کیونکہ یہی وقت کا سب سے بڑا تقاضا ہے اور اسی میں اسلام اور مسلمانوں کی بقا اور سربلندی ہے۔پیر ارشد علی شاہ کاظمی نے کہا کہ اگر امتِ مسلمہ نے اب بھی سنجیدگی اور جرات مندی کا مظاہرہ نہ کیا تو تاریخ ہمیں ایک خاموش تماشائی کے طور پر یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں دنیا کو یہ باور کروانا ہوگا کہ مسلمان امن، انصاف اور انسانیت کے علمبردار ہیں، اور مظلوموں کی حمایت میں مؤثر آواز بلند کرنا ہمارا دینی، اخلاقی اور عالمی فریضہ ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات