اے این ایف کا منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈائون، 7ملزمان گرفتار

کارروائیوں میں 1کروڑ 15لاکھ سے زائد مالیت کی 45.956کلو منشیات برآمد

پیر 28 اپریل 2025 23:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء) اینٹی نارکوٹکس فورس نے تعلیمی اداروں اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے 7ملزمان گرفتار کر لئے۔ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائیوں میں 1کروڑ 15لاکھ سے زائد مالیت کی 45.956کلو منشیات برآمد ہوئی، اسلام آباد آئی جے پی روڈ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے پشاور کے رہائشی 2 ملزمان سے 20 کلو آئس برآمد ہوئی۔

(جاری ہے)

برآمد شدہ منشیات موٹرسائیکل کارٹ میں مہارت سے چھپائی گئی تھی، گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں میں طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا۔ترجمان نے بتایا کہ اسلام آباد ٹھلیاں ٹول پلازہ کے قریب صوابی کے رہائشی ملزم اور کراچی کی 2خواتین سے مجموعی طور پر 24کلو چرس برآمد ہوئی، قلندرآبار روڈ ایبٹ آباد کے قریب چترال کے رہائشی ملزم سے 1کلو 800گرام چرس برآمد کی گئی۔اس کے علاوہ ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اے این ایف اور اے ایس ایف نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم کی گاڑی سے 156گرام نشہ آور گولیاں برآمد کیں، ڈی جی خان کا رہائشی ملزم گرفتار کر کے مقدمات درج، تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔