z9 مئی: فواد چوہدری کی درخواست خارج کرنے کا تحریری فیصلہ جاری

پیر 28 اپریل 2025 19:10

۳لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اپریل2025ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ اور جسٹس سید شہباز رضوی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے 9 مئی کے واقعات سے متعلق 11 مقدمات کو یکجا کر کے فیصل آباد منتقل کرنے کیلئے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی درخواست خارج کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ 11 صفحات پر مشتمل فیصلے میں عدالت نے قرار دیا کہ چونکہ ان مقدمات کی نوعیت اور شواہد مختلف ہیں اس لئے انہیں ایک ساتھ نہیں سنا جا سکتا۔

(جاری ہے)

فیصلے میں کہا گیا کہ ہر مقدمہ اپنی نوعیت کے مطابق الگ الگ سنا جائے گا، عدالت نے اپنے فیصلے میں یہ بھی واضح کیا کہ 9 مئی کو پی ٹی آئی کے بانی کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے ہوئے جن میں مختلف شہروں میں سرکاری اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ ایک الزام پر فواد چوہدری کے خلاف مختلف شہروں میں مقدمات درج کئے گئے، استدعا ہے کہ ان تمام مقدمات کو یکجا کیا جائے، درخواست میں صنم جاوید کیس کا بھی حوالہ دیا گیا جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔