ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر مری کی زیر صدارت معذور افراد کے ووٹ کے اندراج اور اس کی اہمیت پر ایک اہم سیمینار کا انعقاد

پیر 28 اپریل 2025 19:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2025ء) ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر مری رضوانہ لطیف کی زیر صدارت معذور افراد کے ووٹ کے اندراج اور اس کی اہمیت پر ایک اہم سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ سوشل ویلفیئر غالب عباسی سمیت معذور افراد اور متعلقہ شعبہ جات کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر مری رضوانہ لطیف نے کہا کہ معذور افراد کا ووٹ نہ صرف ان کا آئینی اور قانونی حق ہے بلکہ یہ جمہوریت کے استحکام میں بھی کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی بھرپور کوشش ہے کہ ہر معذور شہری کو آسانی سے ووٹ کے اندراج کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ وہ باعزت انداز میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معذور افراد کو بااختیار بنانا اور سیاسی عمل میں ان کی بھرپور شمولیت یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹی اپنی آگاہی مہمات کو مزید تیز کرے گی تاکہ ہر شہری بلا تفریق اپنے ووٹ کا اندراج کروا سکے۔

سیمینار کے شرکاء نے اس تقریب کو معلوماتی اور حوصلہ افزاء قرار دیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر غالب عباسی نے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر معذور افراد کے مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر اپنی تجاویز پیش کرتا رہے گا اور اپنی این جی اوز کے تعاون سے ان افراد کے ووٹ کے اندراج میں بھرپور معاونت فراہم کرے گا تاکہ وہ معاشرتی دھارے میں فعال کردار ادا کر سکیں۔