ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر

پیر 28 اپریل 2025 20:10

شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2025ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شیخوپورہ نعمان علی نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئےکار لاتے ہوئےشہر کی اہم شاہراہوں پر تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنائیں تا کہ ٹریفک حادثات میں کمی واقع ہو سکے، ٹریفک حادثات میں کمی کے لیے عوام کا تعاون نہایت ضروری ہے ، اہم شاہراہوں پر سپیڈ بریکر اور زیبرہ کراسنگ سمیت آگاہی سائن بورڈ آویزاں کیے جائیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے ایکسیڈنٹ ریویو کمیٹی اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلا س میں اسسٹنٹ کمشنر ، سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر صدیق بلوچ ، سیکرٹری ڈی آر ٹی اے حنا رحمان ، ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 رانا اعجاز ، ڈی ایس پی ٹریفک پولیس و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری ڈی آر ٹی اے ، ریسکیو 1122 ، ڈی ایس پی ٹریفک پولیس و دیگر متعلقہ افسران نے ٹریفک حادثات کی روک تھام اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کی گئی کارروائیوں بارے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نعمان علی کو بریفنگ دی ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نعمان علی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے ہائی وے پٹرولنگ پولیس اور ٹریفک پولیس کی جانب سے تمام تحصیلوں میں لوگوں کی اگاہی کے لیے سیمینار منعقد کیے جائیں، اہم شاہراہوں اور شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر مزید عملہ تعینات کیا جائے ، اوور سپیڈنگ ، اوور لوڈنگ اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔