Live Updates

حضرو میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی

پیر 28 اپریل 2025 20:10

حضرو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2025ء) موجودہ پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی۔ ریلی سابق چیئرمین غورعشی خالد زمان خالقی اشفاق خان کے ڈیرے سے شروع ہو کر تربیلا روڈ سے ہوتی ہوئی ٹول ٹیکس چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ’’پاکستان زندہ باد‘‘ اور ’’پاک فوج زندہ باد‘‘ کے نعرے درج تھے۔

ریلی میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ، عوام نے پاک فوج اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے ۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر ملک امین اسلم خان ،سابق امیدوار صوبائی اسمبلی چنگیز خان ،سابق چیئرمین خالد زمان خالقی نے کہا کہ پوری قوم اپنی عظیم فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ،پاک فوج سرحدوں کی حفاظت کرنا بخوبی جانتی ہے اور دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دو سال پہلے بھی بھارت نے پاکستان پر حملے کی کوشش کی تھی جسے پاک فوج کے جوانوں نے ناکام بناتے ہوئے اس کے طیاروں کو مار گرایا تھا ، اگر اسی طرح پھر کوشش کی گئی تو پاک فوج کے ساتھ ساتھ پوری پاکستانی قوم بھی پاک فوج شانہ بشانہ ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف پوری قوم متحد ہے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ریلی میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنی فوج کے ساتھ بھرپور محبت اور حمایت کا اظہار کیا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات