ملک میں جمہوریت کے نام پر آمریت ہورہی ،جلد 26 ویں ترمیم کیخلاف تحریک کا آغاز کرنے جارہے ہیں،وائس چیئرمین بلوچستان بار کونسل

پیر 28 اپریل 2025 21:45

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء)وائس چیئرمین بلوچستان بارکونسل راحب بلیدی نے کہاہے کہ بلوچستان کے وکلا 26ویں آئینی ترمیم کیخلاف تحریک شروع کرنے جا رہے ہیںکیونکہ میں آئین و قانون کی بالادستی کی راہ میں یہ ترمیم رکاوٹ ہے اس سے جمہوریت کی بجائے ملوکیت کو فروغ ملتا ہے۔ یہ بات انھوں نے دیگر وکلاء کے ہمراہ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

راحب بلیدی کا کہنا تھاکہ سندھ کے وکلاء اپنے حقوق کیلئے احتجاج کررہے سندھ کے وکلاء نے کینالز کے فیصلے کو واپس لینے کیلئے 72 گھنٹوں کا الٹی میٹم دیا ہمارے احتجاج کا مقصد سندھ کے وکلاء کیساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے انہوںنے کہاکہ جلیلہ حیدر ایڈووکیٹ کیخلاف ایف آئی آر کے اندراج کی مذمت کرتے ہیں کیونکہ ملک میں جمہوریت کے نام پر آمریت ہورہی ہے اسی لئے جلد 26 ویں ترمیم کیخلاف تحریک کا آغاز کرنے جارہے ہیں جس میں بلوچستان کے وکلاء ہر اول دستے کا کردار ادا کرینگے کیونکہ ہم ملک میں آئین و قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔