بلوچستان کے ضلع نوشکی میں ویلڈنگ کے دوران ٹرک میں موجود تیل کی ٹینکی پھٹنے سے 28افراد جھلس کر زخمی

پیر 28 اپریل 2025 21:45

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء)بلوچستان کے ضلع نوشکی میں ویلڈنگ کے دوران ٹرک میں موجود تیل کی ٹینکی پھٹنے سے 28افراد جھلس کر زخمی ہوگئے ۔

(جاری ہے)

پولیس حکام کے مطابق پیر کو نوشکی کے علاقے بس اڈہ میں ویلڈنگ کے دوران ایک ٹرک میں شارٹ سرکٹ کے باعث اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے ٹرک میں موجود ایندھن کے ٹینک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اس دوران ڈرائیور نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے ٹرک کو آبادی سے دور ویران علاقے میں منتقل کردیا تاہم اس دوران ٹرک میں دھماکہ ہوگیا جس کے نتیجے میں آگ بھجانے کے لئے آنے والے پولیس کے اے ایس آئی اور تین اہلکاروں سمیت 28افراد جھلس کر زخمی ہوگئے ۔

واقعہ کے بعد زخمیوں کو نوشکی کے ہسپتال منتقل کردیا گیا تاہم وہاں سہولیات نہ ہونے کے باعث بعدازاں 26زخمیوں کو کوئٹہ کے سول ہسپتال کے برن وارڈ منتقل کردیا گیا ۔ مزید کاروائی جاری ہے ۔