سعودی وزارت ثقافت نے تاریخی جدہ کے لئے ڈیجیٹل ایپلی کیشن لانچ کردی

منگل 29 اپریل 2025 10:30

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2025ء) سعودی عرب کی وزارت ثقافت نے تاریخی جدہ کے علاقے کے لیے ڈیجیٹل ایپلی کیشن لانچ کر دی ہے۔العربیہ اردو کے مطابق ایپ کا اجراتاریخی جدہ کی بحالی منصوبے کے ایک حصے کے طور پر کیا گیا ہے جسے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سپانسر کیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد علاقے کو ایک مربوط شہری مرکز میں تبدیل کرنا ہے جو اس کی تاریخی روح کی عکاسی کرتا ہے اور اسے ایک عالمی ثقافتی اور سیاحتی مقام میں تبدیل کرتا ہے۔

ایپ ایک مربوط ڈیجیٹل تجربہ پیش کرتی ہے جو صارفین کو تاریخی جدہ کے اندر اپنے سفر کے پروگرامز کو ڈیزائن کرنے، جاری سرگرمیوں کی فوری اطلاعات حاصل کرنےاور دستاویزی تاریخی مواد تک رسائی کی اجازت دیتی ہے جو ان کے دورہ کرنے والے نشانات کے بارے میں ان کے فہم کو مزید گہرا کرتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ ایپلی کیشن وژن 2030 کے اہداف حاصل کرنے کے لیے وزارت ثقافت کے ذریعے نافذ کئے جانے والے ڈیجیٹل تبدیلی کے ذرائع کی نمائندگی کرتی ہے۔

یہ قدیم ماضی کی تجدید اور اسے حال کے ساتھ جوڑ کر اور ایک انٹرایکٹو تجربہ فراہم کرتا ہے جو زائرین کے شعور کو تقویت بخشتا ہے اور تاریخی جدہ کو ثقافت اور ورثے کے لئے ایک اہم مقام کے طور پر ظاہر کرتا ہے۔یہ لانچ وزارت ثقافت کی ان سٹریٹجک منصوبوں کو نافذ کرنے کی کوششوں کی توسیع ہے جو جدہ کے تاریخی ضلع کے تعمیراتی ورثے کو محفوظ رکھنے ، مقامی اور بین الاقوامی ثقافتی منظر نامے میں اس کی موجودگی کو بڑھانے میں معاون ہیں۔ وزارت ایک پائیدار ماحول تیار کرنے کے لئے کام کر رہی ہے جو جدہ کے تاریخی کردار کی عکاسی کرتا ہے، ثقافتی اور سیاحتی سرگرمیوں کی ترقی کی حوصلہ افزائی کرتا ہے اور اقتصادی اور معاشرتی ترقی کے لئے نئے افق وا کرتا ہے۔