شہر جڑانوالہ کے پارکوں کی بدحالی: ویرانی اور لاپروائی کا منظر

منگل 29 اپریل 2025 13:22

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)جڑانوالہ شہر کے تمام پارک تباہی اور بربادی کی تصویر پیش کررہے ہیں، جہاں کبھی ہریالی اور بچوں کی چہل پہل نظر آتی تھی، اب وہاں دھول، مٹی، ٹوٹی ہوئی دیواریں اور جنگلوں کا نام و نشان تک نہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ میونسپل انتظامیہ کی لاپروائی نے ان سبزہ زاروں کو کھنڈر بنا دیا ہے۔

مقامی رہائشی محمد اقبال کا کہنا ہے، ''پارک ہماری نسل نو کی تربیت گاہ ہوا کرتے تھے، لیکن اب یہاں گھاس تک نہیں اُگتی۔ دیواریں گر چکی ہیں، بینچ غائب ہیں، اور رات کو روشنی کا بھی کوئی انتظام نہیں۔ایک اور شہری، ثناء اللہ، نے بتایا کہ جنگلے ٹوٹ جانے کی وجہ سے پارک غیر محفوظ ہوگئے ہیں، جس کی وجہ سے بچے کھیلنے سے بھی گھبراتے ہیں۔

(جاری ہے)

شہریوں کا الزام ہے کہ میونسپل کمیٹی فنڈز کی کمی کا بہانہ کرتے ہوئے پارکوں کی بحالی پر توجہ نہیں دیتی۔

گزشتہ تین سال سے پارکوں کی صفائی، پودوں کی دیکھ بھال، یا مرمت کا کوئی عمل نظر نہیں آیا۔ انتظامیہ نے انہیں قبرستان بنا دیا ہے۔ پارکوں کی تباہی نے خاص طور پر بچوں اور خواتین کی روزمرہ زندگی کو متاثر کیا ہے۔ سابقہ طور پر صبح و شام یہاں سیر کرنے والے خاندان اب گھروں تک محدود ہوگئے ہیں۔ ماہرینِ ماحولیات کا کہنا ہے کہ شہری سبزہ زاروں کا فقدان نہ صرف معیارِ زندگی کو گرانے کا سبب بنا ہے، بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

عوامی حلقوں نے فوری طور پر پارکوں کی مرمت، نئے جنگلے لگانے، اور سبزہ کاری کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے جڑانوالہ کے پارک شہر کی خوبصورتی کا اہم جز تھے، لیکن اب یہ لاپروائی کی داستان سناتے ہیں۔ شہری امید کررہے ہیں کہ حکام فوری اقدامات کرکے انہیں دوبارہ زندگی بخشیں گے۔

متعلقہ عنوان :