گرینڈ ہیلتھ الائنس کے دھرنے پرپولیس کا رات گئے بڑا ایکشن،آپریشن کلین اپ کرتے ہوئے مظاہرین سے مال روڈ خالی کروا لیا

پولیس کی بھاری نفری نے لیڈیز پولیس کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے مظاہرین کو حراست میں لے لیا اور مال روڈ پر لگے ٹینٹ اکھاڑ دیئے، روڈ کو دونوں جانب کی ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 29 اپریل 2025 12:00

گرینڈ ہیلتھ الائنس کے دھرنے پرپولیس کا رات گئے بڑا ایکشن،آپریشن کلین ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29اپریل 2025)صوبائی دارالحکومت لاہور کے مال روڈ پر گرینڈ ہیلتھ الائنس کے دھرنے پرپولیس کا رات گئے بڑا ایکشن، پولیس کی بھاری نفری نے لیڈیز پولیس کے ہمراہ آپریشن کلین اپ کرتے ہوئے مظاہرین کو حراست میں لے لیا اور مال روڈ پر لگے ٹینٹ اکھاڑ دیئے،پولیس نے آپریشن کلین اپ کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی کے سامنے 23روز سے جاری گرینڈ ہیلتھ الائنس کے مظاہرین سے مال روڈ خالی کروا لیا۔

پولیس نے دھرنے کے شرکا کے زیر استعمال کافی حصے کو بھی مکمل طور پر خالی کروا لیا۔پولیس کے آپریشن کلین اپ کے بعد لاہور کے مال روڈ کو خالی کروا لیا گیا ہے اور روڈ کو دونوں جانب کی ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔گرینڈ ہیلتھ الائنس کے مظاہرین سرکاری ہسپتالوں کی ممکنہ نجکاری کے فیصلے کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز کلب چوک سے دھرنا ختم کرنے کے بعد مظاہرین نے چیئرنگ کراس پر احتجاج جاری رکھا تھا۔

مظاہرین نے اپنے مطالبات کی منظوری کیلئے ہر حد تک جانے کا اعلان کیا تھا۔گرینڈ ہیلتھ الائنس ڈاکٹر سلمان حسیب چوہدری نے مال روڈ پر گرینڈ ہیلتھ الائنس کے دھرنے پرپولیس کی کارروائی پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس نے نہتے اور پرامن مظاہرین پر طاقت کا استعمال کیا ہے، جو ناقابل قبول اور غیر جمہوری عمل ہے۔ پولیس نے گرینڈ ہیلتھ الائنس کے دھرنے پر رات گئے اچانک ریڈ کیا اور مظاہرین کو زدوکوب کیا۔

اپنے ویڈیو پیغام میں ڈاکٹر سلمان حسیب نے تمام کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر واٹس ایپ پر بھیجے گئے پیغامات کو چیک کریں اور آئندہ کے لائحہ عمل کے مطابق تیاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ تمام کارکن جلد دوبارہ ایک متفقہ مقام پر اکھٹے ہوں گے اور احتجاج جاری رکھیں گے۔دوسری جانب لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی جانب سے مطالبات کے حق کیلئے ہڑتال جاری ہے اور مختلف سرکاری ہسپتالوں جن میںپنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی،چلڈرن ہسپتال،جناح ہسپتال،سروسز ہسپتال،گنگا رام ہسپتال میں او پی ڈیز مکمل طور پر بند ہیں۔ ڈاکٹروں نے اپنے کمروں کو تالے لگا دئیے ہیں جبکہ نرسز اور پیرامیڈیکس نے آوٹ ڈور اور پرچی کاونٹرز بھی بند ہیں۔