وفاق کے 103او ایس ڈی افسروں کی فہرست لاہور ہائیکورٹ میں پیش

پنجاب حکومت کو او ایس ڈی افسران کی فہرست پیش کرنے کیلئے آئندہ سماعت تک مہلت

منگل 29 اپریل 2025 16:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء) وفاق کے 103او ایس ڈی افسران کی فہرست لاہور ہائیکورٹ میں پیش کر دی گئی ،عدالت نے پنجاب حکومت کو او ایس ڈی افسران کی فہرست پیش کرنے کے لئے آئندہ سماعت تک مہلت دے دی ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد ساجد محمود سیٹھی نے عبداللہ ہارون ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی ,درخواست گزار کی جانب سے او ایس ڈی افسران کی تعیناتیاں نہ ہونے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا ۔

درخواست گزار ایڈوکیٹ عبداللہ ہارون پیش ہوئے ۔وفاقی حکومت کی جانب سے اسٹنٹ اٹارنی جنرل زین قاضی نے او ایس ڈی افسران کی فہرست پیش کی ،گریڈ 22کے 5، گریڈ 21کے 16، گریڈ 20کے 12، گریڈ 19کے 17، گریڈ 18کے 45اور گریڈ 17کے 9او ایس ڈی افسران کی فہرست پیش کی گئی۔ درخواست گزار وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عدالت کی وجہ سے او ایس ڈی افسران کے معاملے پر پیش رفت ہوئی ،ہمارے پاس کچھ او ایس ڈی افسران کی فہرست گئی ہے ، اس سے ہم کسی حد تک اندازہ لگا سکتے ہیں کہ افسران کی کتنی بڑی تعداد ہے جو بغیر ڈیوٹی تنخواہیں لے رہی ہے، یہ ویلے بیٹھ کر حکومتی خزانے سے تنخواہیں وصول کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

جسٹس محمد ساجد محمود سیٹھی نے استفسار کیا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے او ایس ڈی افسران کی فہرست کیوں نہیں دی گئی ۔پنجاب حکومت کے وکیل نے جواب دیا کہ ہم بھی او ایس ڈی افسران کی فہرست منگوا لیتے ہیں ۔ جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے ریمارکس دئیے کہ معاملہ ہے ، اس کیس کا جلد فیصلہ کردیں گے ، درخواست گزار وکیل کی جانب سے استدعا کی گئی کہ او ایس ڈی افسران کی فوری تعیناتیاں کی جائیں ،، مزید استدعا کی گئی کہ افسران کو او ایس ڈی قرار دینا غیر قانونی قرار دیا جائے، عدالت نے کیس کی مزید سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔