انٹرمیڈیٹ فرسٹ اینول امتحانات کے دوران بوٹی مافیا کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں،کنٹرولر امتحانات تعلیمی بورڈ راولپنڈی

منگل 29 اپریل 2025 17:22

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2025ء) کنٹرولر امتحانات تعلیمی بورڈ راولپنڈی تنویر اصغر اعوان نے کہا ہے کہ انٹرمیڈیٹ فرسٹ اینول امتحانات کے دوران بوٹی مافیا کے خلاف سخت اقدامات کئے جا رہے ہیں اور شکنجہ مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بیان میں کہا کہ چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی فوری نشاندہی اور کارروائی کریں گی تاکہ شفاف امتحانی نظام کو یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ امتحانات وزیر برائے ہائر ایجوکیشن پنجاب رانا سکندر حیات اور سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈاکٹر فرخ نوید کی رہنمائی میں منعقد کیے جا رہے ہیں، ان کی ہدایات پر سخت نگرانی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھی تعاون حاصل کیا جا رہا ہے۔ کنٹرولر امتحانات نے والدین، طلبہ اور اساتذہ سے اپیل کی کہ وہ نقل جیسی لعنت کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں تاکہ نظام تعلیم کو شفاف اور معیاری بنایا جا سکے۔