Live Updates

وزیر ریلویز کی ہدایات پر راولپنڈی میں ڈی ایس ریلوے کا اجلاس،صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کیلئے معاہدہ

معاہدے کے تحت، راولپنڈی، مارگلہ اور چکلالہ ریلوے اسٹیشنز کی صفائی اب راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے حوالے کر دی گئی

منگل 29 اپریل 2025 17:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)پاکستان ریلویز راولپنڈی ڈویژن نے اسٹیشنز پر صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (RWMC)کے ساتھ ایک اہم معاہدہ کیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت، راولپنڈی، مارگلہ اور چکلالہ ریلوے اسٹیشنز کی صفائی اب راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے حوالے کر دی گئی ہے۔

پاکستان ریلوے کے مطابق یہ اقدام مسافروں کو صاف ستھرا اور صحت مند سفر فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے راولپنڈی جناب نور الدین داوڑ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ریلوے کا مقصد اسٹیشنز کو عالمی معیار کے مطابق صاف ستھرا بنانا ہے، تاکہ مسافروں کو بہترین سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔منیجنگ ڈائریکٹرراولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر نے اس موقع پر اعلان کیا کہ ان کی کمپنی صفائی کے عمل کو مزید بہتر بنانے کے لیے جدید مشینری اور تربیت یافتہ عملہ فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

اعلامیہ کے مطابق پاکستان ریلوے کا عزم ہے کہ ریلوے اسٹیشنز اور دیگر سہولتیں عالمی معیار کے مطابق صاف ستھرا ہوں تاکہ مسافروں کو ایک خوشگوار سفر کا تجربہ حاصل ہو۔ اس شراکت داری سے صاف ستھرا ریلویز اور ایک ستھرا پاکستان بنانے کی جانب ایک قدم اور بڑھایا گیا ہے۔اعلامیہ میں کہاگیاکہ صاف ستھرا ریلوے، ساتھ ستھرا پاکستان۔ بیان میں کہاگیاکہ وزیر ریلویز محمد حنیف عباسی کے ویژن کے مطابق پاکستان ریلوے کو صاف ستھرا اور صحت مند بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات