لیپ ٹاپ، انتظار کی گھڑیاں ختم، تقسیم (آج )سے شروع ہوگی‘وزیر تعلیم

مسلم لیگ (ن) کا ہر وعدہ منصوبوں کی تکمیل کی صورت میں سامنے آ رہا ہے‘ رانا سکندر حیات

منگل 29 اپریل 2025 19:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)لیپ ٹاپ کے خواہشمند طلبا کیلئے انتظار کی گھڑیاں ختم ہوگئیں۔ پنجاب کے ہونہار طلبا میں لیپ ٹاپس کی تقسیم آج ( بدھ ) سے شروع ہوگی۔ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے خوشخبری دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج لاہور سے لیپ ٹاپ کی تقسیم کا آغاز کر کے وزیر اعلی پنجاب اپنا ایک اور وعدہ پورا کرنے جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ تقسیم کے سلسلے میں پہلی تقریب آج یو ای ٹی لاہور میں منعقد ہوگی جبکہ اس ضمن میں تقاریب تمام ڈویژنز میں منعقد کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

رانا سکندر حیات نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز تمام ڈویژنز میں خود لیپ ٹاپ تقسیم کریں گی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ طلبا کو جدید مشینری کے حامل لیپ ٹاپ دئیے جا رہے ہیں۔ پبلک سیکٹر یونیورسٹی اور کالجز کے طلبا میں مجموعی طور پر 110,000 لیپ ٹاپ تقسیم ہوں گے۔

وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ لیپ ٹاپ تقسیم کا آغاز کر کے وزیر اعلی پنجاب نے نوجوانوں سے کیا گیا اک اور وعدہ پورا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن جھوٹے دلاسے نہیں دیتی، ہمارا ہر وعدہ پورا ہوتا ہے۔ مسلم لیگ ن جو کہتی ہے، کر کے دکھاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ہر وعدہ منصوبوں کی تکمیل کی صورت میں سامنے آ رہا ہے۔