شہریوں کو تیز رفتار ریلیف کی فراہمی پر خصوصی توجہ مرکوز ہے، ڈی جی ایف ڈی اے

منگل 29 اپریل 2025 19:52

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2025ء) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہا ہے کہ شہریوں کو تیز رفتار ریلیف کی فراہمی پر خصوصی توجہ مرکوز ہے اس سلسلے میں ہمہ جہت جدید اصلاحات متعارف کرائی گئیں ہیں تاکہ سروس ڈیلیوری کے معیار میں اضافہ اور محکمانہ امور میں شفافیت کو برقرار رکھا جا سکے۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں شہریوں کے مسائل سنتے ہوئے کہی۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند، چیف انجینئر مہرایوب، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ و دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت ان کے دفتر کے دروازے ہمہ وقت شہریوں کیلئے کھلے ہیں اور وہ اپنے مسائل کے حوالے سے بلا روک ٹوک ان سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے شعبہ ٹاؤن پلاننگ اور اسٹیٹ مینجمنٹ کے افسران سے کہا کہ غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں، ناجائز تعمیرات، غیر قانونی کمرشلائزیشن، تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف بھرپور ایکشن جاری رہنا چاہیئے اس سلسلے میں لوگوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ کسی بھی ہاؤسنگ سکیم میں پلاٹ خریدنے سے قبل اسکی قانونی حیثیت ضرور چیک کر لیں تاکہ بعد میں انہیں کوئی مشکل یا پریشانی نہ ہو۔

ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے شہریوں کی شکایات سنتے ہوئے ون ونڈو کاؤنٹر کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ درخواست گزاروں کو ٹائم لائن کے مطابق ریلیف فراہم کریں اس سلسلے میں بلاجواز تاخیر یا سرکاری کام میں کوتاہی کو قطاً برداشت نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے پراپرٹی ٹرانسفر کے نظام کو شفاف رکھنے اور فریقین کیلئے آسانیاں فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ وراثتی انتقالات اور عدالتی ڈگریوں کی تعمیل میں غفلت نہیں ہونی چاہیئے۔

ایک شکایت کا جائزہ لیتے ہوئے ڈی جی ایف ڈی اے نے متعلقہ بلڈنگ انسپکٹر کو طلب کیا اور معاملے کی چھان بین کرتے ہوئے نجی ہاؤسنگ سکیم میں سائل کو ناجائز قبضہ ختم کرنے کی تاکید کی تاکہ عوامی شکایات کا ازالہ ہو سکے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے سختی سے ہدایت کی کہ نجی ہاؤسنگ سکیموں میں پبلک یوٹیلٹی سائٹس کا مکمل تحفظ کیاجائے اس ضمن میں ناجائز قبضہ یا پلاٹ کو کسی دوسرے مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی شکایت موصول نہیں ہونی چاہیئے بصورت دیگر متعلقہ بلڈنگ انسپکٹر کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائیگی۔ شہریوں نے ان کے مسائل خوش اسلوبی سے سننے اور موقع پر ہی ریلیف فراہم کرنے پر ڈی جی ایف ڈی اے کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :