راولپنڈی میں ڈویژنل کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس، مون سون سے قبل نالہ لئی کی صفائی مکمل کرنے کی ہدایت

منگل 29 اپریل 2025 23:31

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2025ء) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک کی زیر صدارت کمشنر آفس راولپنڈی میں ڈویژنل کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں نالہ لئی اور اس کے گرد و نواح کی صفائی اور مون سون سے قبل ممکنہ اقدامات پر غور کیا گیا۔کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ واسا کی جانب سے نالہ لئی کی ڈسلٹنگ کے لئے مطلوبہ فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

اس لئے واسا نالہ لئی اور اس میں گرنے والے نالوں کی صفائی کا عمل بھرپور طریقے سے کرے۔ انہوں نے واسا کو ہدایت کی کہ نالہ لئی کے اندر اور اس کے اطراف موجود کچرے، تعمیراتی ملبے اور دیگر رکاوٹوں کو فوری طور پر ہٹایا جائے تاکہ بارشوں کے دوران نالے میں طغیانی سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال مون سون کے دوران نالہ لئی کی سطح بلند ہو جاتی ہے، جس سے آس پاس کے علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے۔

(جاری ہے)

اس لیے بروقت اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ محکمے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں نبھائیں اور نالہ لئی کے ارد گرد نکاسی آب کے نظام کو بھی بہتر بنایا جائے تاکہ بارش کا پانی رکنے کی بجائے فوری خارج ہو سکے۔ واسا کے افسران کو ہدایت کی گئی کہ روزانہ کی بنیاد پر کام کی نگرانی کی جائے اور کام کی تکمیل کو بروقت مکمل کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :