مانسہرہ : ریٹائرڈ پولیس افسران کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد، خدمات کو خراج تحسین

منگل 29 اپریل 2025 23:37

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2025ء) ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کی جانب سے مانسہرہ پولیس سے ریٹائرڈ ہونے والے افسران کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد ڈی پی او آفس مانسہرہ میں کیا گیا، جس میں ریٹائرڈ ایس پیز، ڈی ایس پیز اور انسپکٹر صاحبان نے شرکت کی۔اس موقع پر مانسہرہ پولیس سے حال ہی میں ریٹائر ہونے والے اہلکار محمد امجد کے اعزاز میں بھی پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا، ڈی پی او مانسہرہ نے انہیں مانسہرہ پولیس میں 37 سالہ طویل ملازمت اور مثالی خدمات انجام دینے پر اعزازی شیلڈ پیش کی، جبکہ دیگر افسران نے بھی انہیں تحائف پیش کیے اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او شفیع اللہ گنڈا پور کا کہنا تھا کہ ریٹائرڈ پولیس افسران ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔

(جاری ہے)

ان کی تجربہ کاری اور خدمات ہماری رہنمائی کا ذریعہ ہیں اور ان سے ہر موقع پر مشاورت جاری رہتی ہے، جو آئندہ بھی جاری رہے گی۔اجلاس کے دوران ریٹائرڈ پولیس افسران ویلفیئر ایسوسی ایشن کی افادیت پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈی پی او مانسہرہ نے واضح ہدایات جاری کیں کہ ریٹائرڈ افسران کو درپیش مسائل کی فوری نشاندہی کی جائے اور ان کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ڈی پی او مانسہرہ کا کہنا تھا کہ پولیس آفیسر ریٹائر ہو سکتا ہے، مگر اس کا تجربہ، خلوص اور اصلاحی کردار ہمیشہ معاشرے کے لیے فائدہ مند رہتا ہے۔ مانسہرہ پولیس اپنے سینئر افسران کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، اور آپ سب ہمیشہ ہمارے ادارے کا حصہ رہیں گے۔ میرے دفتر کے دروازے آپ کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔یہ ملاقات نہ صرف اعزاز کا اظہار تھی بلکہ اس سے ادارہ جاتی تعلق کو مضبوط بنانے اور سابق افسران کے مسائل کو حل کرنے کی عملی کاوشوں کا آغاز بھی ہوا۔

متعلقہ عنوان :