لیسکو کے 300ملین کے فراڈ کیس میں ملوث سات ملزم عبوری ضمانتیں خارج ہونے پر فرار۔ ایف آئی اے نے ان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنے شروع کردیئے

منگل 29 اپریل 2025 20:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2025ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے 300ملین کے فراڈ کیس میں ملوث سات ملازمین عدالت سے عبوری ضمانتیں خارج ہونے کے بعد فرار ہوگئے۔ استغاثہ کے مطابق، حیدر علی ایڈووکیٹ ضلع کچہری فیصل آباد نے تھانہ ایف آئی اے فیصل آبادکو ایک درخواست گزاری کہ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے اوکاڑہ کینٹ ڈویژن کے ملازمین نے بوگس سیلری کی مد میں جعل سازی سے اکاؤنٹ اوپن کر کے 300ملین روپے کا فراڈکیا ہے۔

تھانہ ایف آئی اے نے تحقیق کی تو لیسکو کے ڈویژنل اکاؤنٹ آفیسراوکاڑہ کینٹ ڈویژن ارسلان حمید باجوہ، ہیڈ کلرک عابد حسین، اسسٹنٹ لائن مین ابوذر غفاری،اپر ڈویژنل کلرک رانا محمد اقبال، اسسٹنٹ منیجر اکاؤنٹ عبدالغفار، منیجر ایم سی اے عرفان سعید، ایڈیشنل ڈی ایم بینکنگ محمد سلیم مغل،ایڈیشنل ڈی ایم اکاؤنٹس محمد آصف، اکاؤنٹس اسسٹنٹ آصف اقبال، اکاؤنٹ اسسٹنٹ ثناء رفیق اس فراڈ میں ملوث پائے گئے جس پر ان ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا۔

(جاری ہے)

تاہم ملزمان ارسلان حمید، عابد سلطان، محمد ابوذر غفاری، محمد سلیم مغل، آصف اقبال، محمد اقبال اور عبدالغفار نے عدالت سے اپنی عبوری ضمانتیں منظور کروالیں۔ منگل کو سپیشل جج سنٹرل ایف آئی اے فیصل آباد/سرگودھا ڈویژن رانا زاہد اقبال نے ان ملزمان کی عبوری ضمانتیں خارج کردیں جس کے بعدیہ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے جبکہ تھانہ ایف آئی اے پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنے شروع کردیئے ہیں۔