-ڈپٹی کمشنر سوراب حبیب نصیر اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد شکیل احمد عالیزئی کی زیر نگرانی ڈپٹی کمشنر آفس سوراب میں ایک سادہ مگر باوقار تقریب کا انعقاد

منگل 29 اپریل 2025 21:20

سوراب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2025ء)ڈپٹی کمشنر سوراب حبیب نصیر اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد شکیل احمد عالیزئی کی زیر نگرانی ڈپٹی کمشنر آفس سوراب میں ایک سادہ مگر باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایس بی کے ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرنے والے امیدواروں کو باضابطہ طور پر تقرری کے احکامات جاری کیے گئے۔تقریب میں ضلعی انتظامیہ، محکمہ تعلیم کے افسران، کامیاب امیدواروں، ان کے والدین اور معززین علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

یہ تقریب نہ صرف کامیاب امیدواروں کی تعلیمی خدمات کے آغاز کا سنگِ میل تھی بلکہ ضلعی سطح پر شفاف بھرتی کے عمل کی ایک قابلِ تقلید مثال بھی بنی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سوراب حبیب نصیر نے کہاتعلیم کسی بھی معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے، اور آج کی یہ تقرریاں میرٹ، شفافیت اور دیانتداری پر مبنی بھرتی پالیسی کا عملی مظہر ہیں۔

(جاری ہے)

ہمیں یقین ہے کہ نئے اساتذہ اپنے فرائض ایمانداری، محنت اور لگن سے انجام دیں گے اور علاقے کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر جناب محمد شکیل عالیزئی نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور کہا محکمہ تعلیم بلوچستان تعلیمی نظام میں بہتری اور شفافیت کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ حالیہ بھرتیاں اسی پالیسی کا تسلسل ہیں، جس میں میرٹ کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔ کامیاب امیدواروں کی محنت، صبر اور عزم قابل تحسین ہے۔تقریب کے اختتام پر کامیاب امیدواروں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے تعلیمی فرائض کو پوری ذمہ داری، خلوص اور دیانتداری سے نبھائیں گے۔یہ تقریب تعلیمی میدان میں ایک مثبت قدم اور نوجوان نسل کے لیے ایک حوصلہ افزا مثال تھی، جس سے یہ پیغام گیا کہ محنت اور لگن سے منزل کا حصول ممکن ہو۔

متعلقہ عنوان :