ڑ*چیئرمین جاوید بلوچ اور گہرام اسحاق بلوچ کو بازیاب کیا جائے، منصور بلوچ

منگل 29 اپریل 2025 21:25

^ کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2025ء) بی ایس او پجار کے سینٹرل کمیٹی کے ممبر منصور بلوچ نے بلوچ اسٹوڈنٹس فرنٹ کے مرکزی چیئرمین جاوید بلوچ اور بی ایس ایف شال زون کے جنرل سیکرٹری گہرام اسحاق لاپتہ کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پرامن سیاسی طلباء رہنمائوں کو ماورائے آئین و قانون لاپتہ کیا گیا ہے ان کی بازیابی کیلئے منظم اور مستحکم انداز میں جدوجہد جاری رکھیں گے۔

اگر انہیں بازیاب نہ کیا گیا تو پر امن ریلی کا انعقادکریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں بی ایس او کے مرکزی سیکرٹری جنرل حسیب بلوچ، مہر ناز بلوچ، پیرجان بلوچ سمیت دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین جاوید بلوچ کو 23 اپریل 2025ء کی رات 3 بجے سادہ لباس میں ملبوث اہلکاروں نے گلستان جوہر بلیزٹاور کراچی سے ان کی رہائشگاہ پر چھاپہ کے دوران تشدد کا نشانہ بناکر اٹھا کر لے گئے جو تا حال لاپتہ ہے جوکہ لاء کے طالب علم اور ایک پر امن سیاسی رہنماء ہے ۔

(جاری ہے)

بی ایس ایف شال زون کے جنرل سیکرٹری گہرام اسحاق بلوچ کو سول ہسپتال کے سامنے سے سیکورٹی اہلکاروں نے لاپتہ کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کئی دہائیوں سے بلوچ طلباء، ادیب، دانشور، مزدور، کاروباری حضرات سمیت ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے لوگ اداروں کے زیر عتاب ہیں جنہیں ذہنی اور جسمانی طور پر تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور جعلی مقابلوں میں قتل کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

لاپتہ افراد کو جعلی مقابلوں میں مارا جارہا ہے جوکہ انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قوم کی ترقی کا ضامن اور روشن مستقبل ان کے تعلیم یافتہ نوجوانوں سے منسلک ہے تعلیمی اداروں میں بلوچ طلباء کی پروفائلنگ کی جارہی ہے اور مختلف طریقوں سے ہراساں کیا جارہا ہے ذہنی دبائو مبتلا ہونے سے تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں۔ جاوید بلوچ کی گمشدگی کے خلاف پر امن احتجاجی ریلی اور سوشل میڈیا کمپیئن کا اعلان کرتے ہیں۔ اور مطالبہ کرتے ہیں کہ انہیں جلد از جلد بازیاب کیا جائے۔