حکومت شہریوں کو بہترین سہولیات کی مزید بہتر فراہمی کے لیے گڈ گورننس کے اصولوں پر کار فرما ہے، چیف سیکرٹری بلوچستان

منگل 29 اپریل 2025 22:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2025ء) چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے کہا کہ صوبائی حکومت اپنی شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے کے لیے گڈ گورننس کے اصولوں پر کار فرما ہے، ادارہ جاتی اصلاحات کے ذریعے ممکنہ چیلنجوں سے نمٹنا، شفافیت اور جوابدہی کو فروغ دینا، اور شہریوں کی شرکت کو فروغ دینا انتہائی ضروری ہے۔

صوبائی حکومت صوبے میں گورننس میں مزید بہتری لانے کے لیے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے گورننس کو بہتر کرکے ریاست پر نوجوانوں کا اعتماد بحال ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت آنے والے دس سالوں کے دوران ترقی اور ترقی کے اہداف کا تعین کررہی ہے، اس میں عام طور پر اقتصادی، سماجی اور ماحولیاتی ترقی کے ساتھ ساتھ بنیادی ڈھانچے کی ترقی، تعلیم، صحت، اور دیگر اہم شعبوں پر توجہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبے میں معاشی ترقی کو فروغ دینا، عوام کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا، آمدنی بڑھانے، اور غربت کو کم کرنے کے لیے مربوط اقدامات اٹھائے جائیں گے جس سے سماجی ترقی کی بہتری، تعلیم، صحت، اور دیگر سماجی خدمات تک رسائی مزید بہتر ہوسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماہی گیری، سیاحت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں ترقی کے کافی روشن امکانات ہیں جو صوبائی اور قومی معیشت میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اور صوبائی حکومت ان شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، سمیت دیگر شعبوں کی بہتری کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کی صلاحیتوں میں مزید نکھار پیدا کرنے کے لیے موثر اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے بہت کم عرصے میں 4000 اساتذہ کی عارضی بنیادوں پر تعیناتی یقینی بنایا جس سے صوبے میں 1400 غیر فعال سکولوں کو فعال کیا جبکہ مزید 8000 اساتذہ کو تعینات کئے جائیں گے جس سے مزید 1800 سکول فعال ہو جائیں گے، اسی طرح محکمہ صحت میں بھی تعیناتیاں عمل میں لائی گئی ہے جس سے شعبہ صحت میں غیر معمولی بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سمیت صوبے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے تکنیکی تعلیم کے شعبے پر توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بی۔ ٹیوٹا کے ذریعے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے میں معاونت فراہم کر رہی ہے اور رواں سال 2000 نوجوانوں کو روزگار کے لئے بیرون ملک بھیجے جائیں گے جبکہ اگلے سال مزید 5000 بھیج دیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :