آئندہ عرب لیگ سربراہی اجلاس میں شامی صدر کی شرکت کی تصدیق نہیں ہوئی ، سکریٹری جنرل احمد ابو الغیط

بدھ 30 اپریل 2025 08:40

بغداد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2025ء) عرب لیگ کے سکریٹری جنرل احمد ابو الغیط نے واضح کیا ہے کہ شام کی صدارت کی جانب سے تا حال یہ تصدیق نہیں ہوئی کہ صدر احمد الشرع عراق میں ہونے والے آئندہ عرب لیگ سربراہی اجلاس میں شریک ہوں گے۔انہوں نے العربیہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عرب لیگ ایسے فیصلوں میں مداخلت نہیں کرتی جو رکن ممالک کے اس طرح کے امور میں آتے ہیں۔

ابو الغیط نے واضح کیا کہ اجلاس میں شرکت کا فیصلہ میزبان ملک کا اختیار ہوتا ہے۔ عرب لیگ سکریٹریٹ کو صرف مدعو شخصیات کے ناموں سے مطلع کیا جاتا ہے، تاہم وہ کسی کو بلانے یا نہ بلانے کا اختیار نہیں رکھتا۔احمد ابو الغیط کے مطابق عرب لیگ کو تا حال کوئی با ضابطہ تصدیق موصول نہیں ہوئی کہ شامی صدر احمد الشرع بغداد سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ اتوار کے روز صدر احمد الشرع نے عراق کی جانب سے ایک سرکاری دعوت نامہ وصول کیا تھا تا کہ وہ آئندہ ماہ بغداد میں منعقد ہونے والے عرب لیگ کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں،پیغام میں 17 مئی کو بغداد میں ہونے والے عرب سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔صدر الشرع نے یہ دعوت نامہ اُس وقت حاصل کیا جب انہوں نے عراقی وزیر ثقافت و سیاحت احمد فکاک البدرانی کا استقبال کیا۔ البدرانی عراقی وزیراعظم کے خصوصی ایلچی کے طور پر دمشق پہنچے تھے۔