غیرقانونی بھرتی کیس‘ پرویز الٰہی کی حاضری معافی کی درخواست منظور

ڈاکٹرز نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے، وکیل کا عدالت میں موقف

بدھ 30 اپریل 2025 15:19

غیرقانونی بھرتی کیس‘ پرویز الٰہی کی حاضری معافی کی درخواست منظور
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2025ء)اینٹی کرپشن عدالت لاہور نے پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔

(جاری ہے)

بدھ کو سماعت کے دوران پرویز الہٰی کے وکیل عامر سعید راں کی جانب سے عدالت میں موقف اختیار کیا گیا کہ ان کے مؤکل کی طبیعت ناساز ہے اور ڈاکٹرز نے مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے، لہٰذا عدالت سے ایک روزہ حاضری معافی کی استدعا ہے۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواست منظور کرلی۔سماعت کے دوران محمد خان بھٹی سمیت دیگر شریک ملزمان عدالت میں پیش ہوئے اور حاضری مکمل کرائی۔ عدالت نے شریک ملزمان کو وکیل کرنے کی مہلت دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔جج نے ریمارکس دیے کہ شریک ملزمان آئندہ سماعت پر وکالت نامے جمع کروائیں، اس کے بعد مقدمے کی تاریخ مقرر کی جائے گی۔ اینٹی کرپشن لاہور اس مقدمے کا چالان پہلے ہی عدالت میں جمع کروا چکی ہے۔