Live Updates

بے حس مافیا کی ترجیحات قومی سلامتی کی بجائے سیاسی انتقام ، اپنی کرسی بچانا ہے‘رانا جاوید عمر

اصل طاقت عوام ہیں جو عمران خان اور تحریکِ انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں‘ رہنما پی ٹی آئی

بدھ 30 اپریل 2025 16:35

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2025ء)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما رانا جاوید عمر نے کہا ہے کہ ایسے وقت میں جب قوم کو اتحاد کی اشد ضرورت ہے، بے حس مافیا قوم کے سب سے مقبول لیڈر کی آواز دبانے اور انہیں اپنے خاندان سے بھی ملاقات سے محروم رکھنے پر تلا ہوا ہے،ان کی ترجیحات قومی سلامتی نہیں بلکہ سیاسی انتقام اور اپنی کرسی بچانا ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان نے 29سال پہلے انصاف، انسانیت اور خودداری کے بنیادی اصولوں کے تحت پاکستان تحریک انصاف کی بنیاد رکھی تھی اور آج تک اپنے منشور پر قائم ہیں ،تحریکِ انصاف وہ واحد جماعت ہے جو ناصرف آئینی اصولوں، عدلیہ کی آزادی اور اداروں کی خودمختاری کی علمبردار ہے بلکہ الیکشن کمیشن، نیب، پولیس سمیت تمام ریاستی اداروں کو کسی بھی قسم کے اثر و رسوخ سے پاک دیکھنا چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

ہم یہ یقین رکھتے ہیں کہ ملک میں تمام ریاستی ستونوں کو اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے۔ رانا جاوید عمر نے کہا کہ آج تحریکِ انصاف پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی اور سب سے زیادہ مقبول جماعت ہے۔ 8 فروری 2024کو پاکستانی عوام نے ہمارے خلاف ہونے والی بدترین فسطائیت، سیاسی قیدوبند، اور الیکشن مہم پر مکمل پابندی کے باوجود، ہمیں دو تہائی سے زیادہ اکثریت سے کامیاب کر کے یہ ثابت کر دیا کہ اصل طاقت عوام ہیں اور وہ عمران خان اور تحریکِ انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں۔

یہ ایک تاریخی حقیقت ہے کہ ماضی کی مقبول سیاسی جماعت عوامی لیگ کو بھی ایک سالہ بھرپور انتخابی مہم کے بعد کامیابی نصیب ہوئی تھی، جبکہ تحریکِ انصاف کو تو انتخابی نشان تک سے محروم کر دیا گیا۔ اس کے باوجود عوام نے تحریکِ انصاف کے حق میں تاریخی فیصلہ سنا کر ہر سازش کو ملیامیٹ کردیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات