Live Updates

اسلام آباد ہائیکورٹ میں 30 اگست تک تعطیلات، چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کوئی چھٹی نہیں کریں گے

چھٹیوں کے دوران صرف ضمانت، حبس بے جا میں رکھنے کیخلاف کیسز، کورٹ کے فکس کردہ کیسز اور سٹے آرڈر کے کیسز جن کی فوری سماعت درکار ہو وہ سنیں جائیں گے؛ آفس آرڈر جاری

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 3 جولائی 2025 11:31

اسلام آباد ہائیکورٹ میں 30 اگست تک تعطیلات، چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کوئی ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جولائی 2025ء ) اسلام آباد ہائیکورٹ میں یکم جولائی سے 30 اگست تک موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کرتے ہوئے آفس آرڈر جاری کردیا گیا۔ آفس آرڈر کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں یکم جولائی سے 30 اگست تک چھٹیاں ہوں گی، چھٹیوں کے دوران صرف ضمانت کے کیسز ، حبس بے جا میں رکھنے کے خلاف کیسز، کورٹ کے فکس کردہ کیسز اور سٹے آرڈر کے کیسز جن کی فوری سماعت درکار ہو وہ سنیں جائیں گے، اس مقصد کے لیے متعلقہ برانچ کیسز فائل کرنے کے لیے کھلی رہے گی۔

بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی یکم جولائی سے 30 اگست تک ہونے والی موسم گرما کی تعطیلات کے دوران چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کوئی چھٹی نہیں کریں گے، سینئر جج جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس محمد آصف نے اپنا شیڈول ابھی نہیں دیا جب کہ باقی ججز میں جسٹس طارق جہانگیری اور جسٹس بابر ستار جولائی میں چھٹی پر ہوں گے اور اگست میں کیسز کی سماعت کریں گے، جسٹس خادم حسین سومرو اور جسٹس اعظم خان اگست میں چھٹی کریں گے اور جولائی میں سماعت کے لیے دستیاب ہوں گے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ جسٹس ارباب محمد طاہر اگست میں چھٹی پر ہوں گے اور جولائی میں دستیاب ہوں گے ، جسٹس سردار اعجاز اسحاق 21 جولائی سے 30 اگست تک چھٹیاں کریں گے، اس سے پہلے یکم سے 20 جولائی تک دستیاب ہوں گے، جسٹس انعام امین منہاس 20 جولائی سے 20 اگست تک تعطیلات پر ہوں گے باقی دنوں میں کیسز سننے کے لیے دستیاب ہوں گے ، جسٹس ثمن رفعت امتیاز 14 سے 18 جولائی پھر 4 سے 22 اگست چھٹی پر ہوں گی باقی دنوں میں دستیاب ہوں گی۔

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ ویسے تو اسلام آباد ہائیکورٹ موسم گرما کی چھٹیوں میں بھی ضمانت کے کیسز سنے گی لیکن سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس میں ضمانت اور سزا معطلی کا ان کا کیس کب مقرر پر گا اس حوالے سے تاحال کچھ معلوم نہیں جب کہ بینچ میں شامل دونوں ججز اسلام آباد ہائیکورٹ میں اس وقت دستیاب ہیں تاہم اگر مذکورہ ججز چھٹی پر چلے جائیں تب بھی کیس کی سماعت کے لیے دستیاب مبتادل ججز کا بینچ تشکیل دیا جاسکتا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات