Live Updates

اپوزیشن کے پاس ایک رکن بھی زیادہ ہوا تو خیبر پختونخواہ حکومت تبدیل کرنا اس کا حق ہے، فیصل کریم کنڈی

صوبائی حکومت کی تبدیلی میں سازش کی کوئی بات نہیں،علی امین گنڈاپور کے خلاف سازش کیلئے ان کے اپنے لوگ ہی کافی ہیں، گورنر خیبرپختونخواہ کی وزیراعظم سے ملاقات میں گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 3 جولائی 2025 11:50

اپوزیشن کے پاس ایک رکن بھی زیادہ ہوا تو خیبر پختونخواہ حکومت تبدیل ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03جولائی 2025)گورنرخیبرپختونخواہ فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے پاس ایک رکن بھی زیادہ ہوا تو خیبر پختونخوا حکومت تبدیل کرنا اس کا حق ہے،صوبائی حکومت کی تبدیلی میں سازش کی کوئی بات نہیں،علی امین گنڈاپور کے خلاف سازش کیلئے ان کے اپنے لوگ ہی کافی ہیں،تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے گورنر خیبرپختونخواہ فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی۔

وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم اور گورنر خیبرپختونخواہ کی ملاقات میں مجموعی ملکی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وفاقی وزیر امیر مقام، رانا مبشر اقبال، رانا ثناء اللہ، عبدالرحمان کانجو بھی موجود تھے۔ گورنر خیبرپختونخواہ نے وزیراعظم شہباز شریف کو دریائے سوات میں پیش آنے والے واقعے پر بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو سوات جیسے واقعات کے تدارک کیلئے استعداد بڑھانے کی ہدایت کی۔ اس موقع پرفیصل کریم کنڈی نے مخصوص نشستوں کی بحالی کے بعد نئی صورت حال پر بھی وزیراعظم شہباز شریف سے بات ہوئی۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف سے عوامی نیشنل پارٹی کے صدر ایمل ولی خان کی ملاقات بھی ہوئی۔ملاقات میں ملک کی مجموعی و سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وفاقی وزراء، وزیر مملکت برائے پاور ڈویژن، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور اور معاون خصوصی برائے سیاسی امور بھی ملاقات میں ہمراہ تھے۔خیال رہے کہ گزشتہ روزوزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے ریاست کو چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آئینی طریقے سے میری حکومت گرا سکتے ہو تو گرا کر دکھاؤ اگر کامیاب ہوگئے تو میں سیاست چھوڑ دوں گا۔

مخصوص نشستوں کا فیصلہ ریاست اور اداروں پر بدنما داغ تھا۔ اختیار سب بانی پی ٹی آئی عمران خان کے پاس ہے وہ جب چاہیں حکومت گرانے کا حکم دے دیں۔ آئینی طریقے سے کبھی بھی ہماری حکومت نہیں گرائی جاسکتی۔اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنماء سلمان اکرم راجا، بیرسٹر گوہر، شبلی فراز، جنید اکبر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کاکہناتھاکہ26 ویں آئینی ترمیم عدلیہ پر ایک حملہ ہے اور جب تک ہم واپس اقتدار میں آکر اس کو واپس نہیں کرتے تب تک عدلیہ قید رہے گی۔

پیکا ایکٹ سمیت جو کچھ بھی ہو رہا ہے وہ قوم کو غلام بنانے کی سازش ہو رہی تھی۔ویسے تو ریاست ماں ہوتی ہے مگر یہ ریاست ہمیں فرعونیت دکھا رہی تھی۔ اس لئے اب میں اس کو اور تمام اداروں کو چلینج کررہا ہوں۔ علی امین نے کہا کہ تم نے سازش کی ناکام ہوئے، غیر آئینی طریقے اختیار کیے اُس میں بھی کامیابی نہیں ملی۔علی امین گنڈاپور کایہ بھی کہناتھاکہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ میری ملاقات کروائی جائے وہ پارٹی کے سربراہ ہیں ان کا ملاقات کروانا حق تھا، میں نے یہ بھانپ لیا تھا کہ ملاقات نہیں کروائی جائے گی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات