پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف گڈز ٹرانسپورٹرز کی ملک گیر ہڑتال کی دھمکی

اس فیصلے سے صرف ٹرانسپورٹ برادری ہی نہیں بلکہ ملک بھر کے عوام متاثر ہوں گے؛ پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان کا بیان

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 3 جولائی 2025 10:59

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف گڈز ٹرانسپورٹرز کی ملک ..
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جولائی 2025ء ) حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف گڈز ٹرانسپورٹرز نے ملک گیر ہڑتال کی دھمکی دے دی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے اپنے ایک بیان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس صورتحال میں ہمیں 5 فیصد کرایہ بڑھانا پڑے گا ،حکومت کے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے سے صرف ٹرانسپورٹ برادری ہی نہیں بلکہ ملک بھر کے عوام متاثر ہوں گے۔

پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر کا کہنا ہے کہ ہمیں کوئی تحفظ حاصل نہیں، کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان میں ہماری گاڑیوں کونذر آتش اور پنجاب میں اسلحے کے زور پر لوٹا جا رہا ہے، ٹول ٹیکس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اب ود ہولڈنگ ٹیکس میں بھی دو فیصد اضافہ کردیا گیا ہے، حکومت ہمیں اپنے اقدامات سے مجبور کر رہی ہے کہ ہم کاروبار بند کر کے ملک گیر ہڑتال کریں، اس حوالے سے چاروں صوبوں کی ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز سے مشاورت ہو رہی ہے اور بہت جلد آئندہ کے لائحہ عمل کا کریں گے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ملک بھر میں ٹرانسپورٹرز نے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد اضافہ کر دیا ہے، اضافے کے بعد لاہور سے کراچی کا کرایہ5500 روپے سے بڑھ کر 5800 ،لاہور سے کوئٹہ کاکرایہ5500 روپے سے بڑھ کر 5800 ہو گیا،لاہور سے راولپنڈی کا کرایہ2500 روپے سے بڑھ کر 2800 ،لاہور سے ملتان 2200 روپے سے بڑھ کر 2500 ،لاہور سے بہاولپور 2500 روپے سے بڑھ کر 2800 جبکہ لاہور سے پشاور 3000 روپے سے بڑھ کر 3300 ہو گیا۔

علاوہ ازیں پاکستان ریلوے نے ایکسپریس اور مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں 2فیصد اضافہ کردیا ہے، ریلوے کرایوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا،کرایوں میں اضافے کے نوٹیفکیشن کے تحت ٹرین کرایوں میں اضافے کا اطلاق 4جولائی سے کیا جائے گا، ریلوے کرایوں میں اضافے کا اطلاق تمام مسافر، شٹل اور سیلونز گاڑیوں پر ہوگا ، 2 فیصد کرایہ بڑھنے کا اطلاق ایڈوانس بکنگ پر بھی عائد ہوگا، محکمہ ریلوے نے ایک ماہ کے دوران دوسری بار ٹرین کرایوں میں اضافہ کیا ہے، 18جون کو مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں 3 فیصد اضافہ کیا گیا تھا، اسی طرح 18جون کو مال بردار ٹرینوں کے کرایوں میں 4 فیصد اضافہ ہوا تھا۔