مری، مسلح گروہوں میں تصادم کے معاملہ میں 10ملزمان گرفتار، مقدمہ درج

دونوں گروپوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، مری میں حالات اب مکمل طور پر کنٹرول میں ہیں اور مال روڈ کے حالات اب معمول پر آگئے ہیں، ترجمان مری پولیس

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 3 جولائی 2025 12:06

مری، مسلح گروہوں میں تصادم کے معاملہ میں 10ملزمان گرفتار، مقدمہ درج
مری(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03جولائی 2025)مری میں مسلح گروہوں میں تصادم کے معاملہ میں 10ملزمان گرفتار جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا، دونوں گروپوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی،پولیس حکام کے مطابق جی پی او چوک کے قریب دو تاجر گروپوں میں جھگڑا ہوا تھا اس موقع پر دونوں کی جانب سے کئی گھنٹے فائرنگ اور پتھراؤ کیا گیا۔

ترجمان مری پولیس کا کہنا ہے کہ مری میں دو مسلح گروپوں کے درمیان تصادم کے بعد پولیس نے دس افراد کو گرفتارکرکے ان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ترجمان کے مطابق مری میں حالات اب مکمل طور پر کنٹرول میں ہیں اور مال روڈ کے حالات اب معمول پر آگئے ہیں۔ سیاحوں نے پھرسیروتفریح شروع کردی ہے۔ ترجمان پولیس کایہ بھی کہناہے کہ مری میں دو تاجر گروپوں کے درمیان مسلح تصادم میں 3 افراد بھی زخمی ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ رات ملکہ کوہسار مری میں دوگروپوں میں تصادم سے متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔پولیس کے مطابق دونوں گروپوں میں تصادم مال روڈ جی پی او چوک میں ہواتھا۔ دونوں جانب سے شدید فائرنگ پتھراو اور ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا تھا۔سرعام شدید فائرنگ اور پتھراؤ، مال روڈ جی پی اوچوک میدان جنگ بن گیا تھاجہاں سیکڑوں سیاحوں نے بھاگ کر جان بچائی جبکہ شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور پولیس بے بس نظر آئی تھی۔

فائرنگ اور تشدد سے متعدد افراد زخمی ہوئے جب کہ سیاحوں کی متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے تھے۔ سیرو تفرح کیلئے آئے سیاح فیملیز میں خوف و ہراس پھیل گیاتھا۔دونوں گروپس کے درمیان چند روز سے سوشل میڈیا پر ایک دوسرے پر الزامات لگائے جا رہے تھے اور نوبت گزشتہ روز تصادم تک پہنچ گئی تھی۔تاجروں کے گروپس کے درمیان لڑائی کے دوران پولیس بے بس دکھائی دی تاہم لڑائی کے بعد اے ایس پی اور ایس ایچ او بھاری نفری کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے تھے۔

ترجمان پولیس کا کہنا تھا کہ دونوں گروپوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی تھی۔ جھگڑا موجودہ اور سابق انجمن تاجران گروپوں میں ہواتھا۔اے ایس پی مری زمان علی کابھی کہنا تھا کہ دونوں گروپس کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی تھی۔کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔