بھارت میں پاکستانی سیلیبرٹیز کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کھلنے کے فوری بعد دوبارہ بند

آپریشن بنیان مرصوص کے موقع پر فنکاروں اور سوشل میڈیا صارفین نے مودی سرکار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 3 جولائی 2025 11:13

بھارت میں پاکستانی سیلیبرٹیز کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کھلنے کے فوری بعد ..
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جولائی 2025ء ) بھارت میں پاکستانی فنکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کولے جانے کے فوری بعد ایک بار پھر بند کر دیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق مودی سرکار کی جانب سے جمعرات کے روز نامور پاکستانی شخصیات جیسے ہانیہ عامر، ماہرہ خان، شاہد آفریدی، ماورا حسین اور فواد خان کے انسٹاگرام اور ایکس پروفائلز بھارت میں دوبارہ بلاک کیے جاچکے ہیں، اس سے ایک روز قبل ہی کئی پاکستانی یوٹیوب چینلز اور انسٹاگرام اکاؤنٹس بھارت میں کھولے جانے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کے لیے قابل رسائی ہوئے تھے، ان اکاؤنٹس میں ٹی وی چینلز بھی شامل تھے۔

بتایا گیا ہے کہ 2 جولائی کو صبا قمر، ماورا حسین، فواد خان، شاہد آفریدی، احد رضا میر، یمنہ زیدی اور دانش تیمور سمیت کئی دیگر فنکاروں کے انسٹاگرام اکاؤنٹس بھارت میں کھل چکے تھے جس پر وہاں موجود ان ستاروں کے مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا اور قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں کہ شاید سوشل میڈیا پر عائد پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں، تاہم جمعرات کو جب بھارتی صارفین نے ان فنکاروں کے پروفائلز کھولنے کی کوشش کی تو ایک بار پھر سے انہیں یہ پیغام ظاہر ہوا کہ ’اکاؤنٹ بھارت میں دستیاب نہیں اور یہ کارروائی قانونی درخواست پر کی گئی ہے‘، تاہم اس حوالے سے ابھی تک بھارتی حکومت یا وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پچھلے دنوں پیدا ہونے والی کشیدگی کے دوران جب بھارت کے آپریشن سندور کے جواب میں پاکستان کی جانب سے بھارتی جارحیت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص شروع کیا گیا تو اس موقع پر مودی سرکار کو پاکستانی فنکاروں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد بھارت میں کئی پاکستانی صارفین اور سلیبرٹیز کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پابندی لگا دی گئی۔