ایران کی کامیابی اور سیزفائر کے پیچھے بھی وردی ہے، وزیرداخلہ کا دعویٰ

اس میں وزیراعظم کا بھی بڑا کردار ہے لیکن میں مزید تفصیلات میں نہیں جانا چاہتا، اللہ تعالیٰ کی نصرت سے بھارت کیخلاف جنگ میں بھی فتح نصیب ہوئی، اس پر سب کو فخر کرنا چاہیئے؛ محسن نقوی کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 3 جولائی 2025 12:01

ایران کی کامیابی اور سیزفائر کے پیچھے بھی وردی ہے، وزیرداخلہ کا دعویٰ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جولائی 2025ء ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ یہ جو آپ کو ایران اسرائیل سیز فائر نظر آیا ہے، کامیابی نظر آئی ہے، اس میں وزیراعظم کا بڑا کردار ہے لیکن اس کے پیچھے بھی وردی ہے، میں آگے مزید تفصیلات میں نہیں جانا چاہتا، بس اس پر سب کو فخر کرنا چاہیئے۔ محرم الحرام کے حوالے سے تمام مکاتب فکر کے علماء سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں قیامِ امن حکومت کی اولین ترجیح ہے، قیامِ امن میں علمائے کرام نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا، تمام علما کرام کی آمد پر شکر گزار ہوں، چیئرمین رویت ہلال کمیٹی تمام مکاتب فکر کے لوگوں کو ساتھ لے کر چلتے ہیں، اسی طرح محرم میں بھی ہم آہنگی کا فروغ انتہائی ضروری ہے، علمائے کرام محرم کے دوران یکجہتی پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں، حضرت امام حسینؓ کسی ایک مسلک کے نہیں بلکہ سب کے ہیں۔

(جاری ہے)

محسن نقوی کا مزید یہ بھی کہنا ہے کہ بھارت نے حملہ کیا تو آرمی چیف مضبوط کھڑے تھے، اُنہیں کوئی پریشانی نہیں تھی، وہ کلیئر تھے کہ اُنہوں نے ہم پر حملہ کیا تو اب وہ چار گنا زیادہ بھگتیں گے، ہم نے جوابی کارروائی میں بھارت کی شہری آبادی کو ہرگز نشانہ نہیں بنایا، تاہم بھارت پر داغے جانے والے ایک میزائل کے نمبر میں فرق آ گیا، سب پریشان ہوگئے کہ یہ کہیں سول آبادی پر نہ گر جائے لیکن غیبی مدد آئی اور وہ میزائل اُن کے آئل ڈپو پر لگا، بھارت نے ہماری بیسز کو نشانہ بنایا تو ہم پریشان ہوئے لیکن یقین کریں ان کا ایک بھی میزائل ہدف پر نہیں لگا، اللہ تعالیٰ کی نصرت سے بھارت کے خلاف جنگ میں فتح نصیب ہوئی۔

اس موقع پر وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ علما کرام نے پورے پاکستان میں اپنا فرض بہترین انداز میں نبھایا، علماء کرام دہشت گردی کے خاتمے میں اپنا کردار زیادہ سے زیادہ ادا کریں، اسی طرح سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف نبردآزما ہیں، ہمیں کسی نفرت، فرقہ واریت یا دشمن کے ایجنڈے کا شکار نہیں ہونا، ہم سب کو متحد رہنا ہے۔