تھرپارکر، ضلعی انتظامیہ اور تھر فاؤنڈیشن کے تعاون سے حفاظتی ٹیکوں کے حوالے سے سیمینار

بدھ 30 اپریل 2025 18:55

تھرپارکر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2025ء) حفاظتی ٹیکے لگانے کے عالمی ہفتے کی مناسبت سے محکمہ صحت تھرپارکر کی جانب سے ضلعی انتظامیہ تھرپارکر اور تھر فاؤنڈیشن کے تعاون سے دربار ہال مٹھی میں ایک آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا۔سیمینار میں بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی نے کہا کہ حفاظتی ٹیکے بچوں کی صحت کے لیے بنیادی حیثیت رکھتے ہیں، اس لیے والدین کو چاہیے کہ وہ مقررہ وقت پر اپنے بچوں کو پولیو سمیت دیگر بیماریوں سے بچاؤ کے ٹیکے ضرور لگوائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تھرپارکر گزشتہ 26 سالوں سے پولیو سے پاک ضلع ہونے کا اعزاز رکھتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال ٹیکے لگانے کے پروگرام میں تھرپارکر نے سندھ کے تمام اضلاع میں پہلی پوزیشن حاصل کی، جس پر حکومتِ سندھ کی جانب سے ضلعی انتظامیہ تھرپارکر کو تعریفی سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی ایچ او تھرپارکر ڈاکٹر لیکھ راج سارنگانی نے کہا کہ حفاظتی ٹیکے نومولود بچوں کی زندگی بچانے کا ایک اہم ذریعہ ہیں۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تھرپارکر اور ای پی آئی انچارج ڈاکٹر بھرت کمار سونی نے کہا کہ ضلع تھرپارکر میں 24 اپریل سے 30 اپریل 2025 تک "بیماریوں سے بچاؤ کے لیے ٹیکے لگوا کر زندگیاں بچانا ممکن ہے" کے عنوان سے عالمی ہفتہ منایا گیا۔اس موقع پر تھر فاؤنڈیشن کے مینیجر تیج ویر سنگھ اور فیاض شیخ نے کہا کہ تھر فاؤنڈیشن صحت، تعلیم اور سماجی فلاح کے شعبوں میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔

حفاظتی ٹیکے نہ صرف فرد بلکہ پورے معاشرے کی حفاظت ہیں۔ سیمینار میں مختلف ماہرین نے حفاظتی ٹیکوں کی اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے والدین پر زور دیا کہ وہ بروقت ویکسینیشن کورس مکمل کروائیں۔ جاگرتا سیمینار میں محکمہ صحت کے عملے، پی پی ایچ آئی، تھر فاؤنڈیشن، غیر سرکاری تنظیموں، انڈس ہیلتھ نیٹ ورک سمیت سول سوسائٹی، میڈیا نمائندگان اور مقامی افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بعد ازاں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔\378