جمہوریہ کوریاکے سفیر چوئے چانگ مان کی اسپیکر سندھ اسمبلی سے ان کے دفتر میں ملاقات

بدھ 30 اپریل 2025 20:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2025ء)جمہوریہ کوریاکے سفیر برائے پاکستان چوئے چانگ مان نے اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی وفد میں کورین سفارت خانے کے پہلے سیکرٹری اور کوریا فرینڈشپ اینڈ سالیڈیریٹی کمیٹی کے صدرجاوید انصاری بھی شامل تھے اس موقع پر اسپیکر سندھ اسمبلی کے ہمراہ رکن سندھ اسمبلی مخدوم فخر الزمان، سیکریٹری اسمبلی جی ایم عمر فاروق، ڈائریکٹر جنرل میڈیا عرفان احمد میمن اور محترمہ ہما اکرام اللہ موجود تھیں ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

معزز سفیر نے پاکستان اور شمالی کوریا کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے کردار کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے جمہوریہ کوریا کی جانب سے ماضی میں پاکستان کے لیے فراہم کی گئی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ سندھ اسمبلی پاکستان کے آئینی، جمہوری اور سیاسی ارتقا میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے اور یہی وہ ایوان ہے جس نے سب سے پہلے قیام پاکستان کے حق میں قرارداد منظور کی۔

اسپیکر سندھ اسمبلی نے کراچی اور نامپو (سسٹر سٹیز) اور سندھ و پیانگ یانگ (سسٹر صوبی) کے مابین تعاون کے فروغ کے لیے دوستی گروپس کے قیام کی تجویز پیش کی جس کا مقصد ثقافتی، تعلیمی اور اقتصادی اشتراک کو وسعت دینا ہے انہوں نے اسمبلی اراکین اور سیکریٹریٹ اسٹاف کے لیے تبادلہ پروگرامز اور تربیتی مواقع کی تجویز بھی دی جمہوریہ کوریا کے سفیر نے ان تجاویز کو سراہتے ہوئے سپریم پیپلز اسمبلی کے توسط سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا انہوں نے سابق اسپیکر سندھ اسمبلی جناب نثار احمد کھڑو اور سابق وزیر اعلی سید عبداللہ شاہ کی جانب سے (ڈی پی آر کی) کے دوروں کو دونوں خطوں کے باہمی تعلقات کے اہم سنگ میل قرار دیا ملاقات کے دوران جناب جاوید انصاری نے معزز اسپیکر کی سیاسی خدمات اور پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے ان پر کیے گئے اعتماد پر روشنی ڈالی۔

اختتام پر اسپیکر سندھ اسمبلی نے جمہوریہ کوریا کے سفیر اور وفد کو روایتی سندھی اجرک، ٹوپی اور صوبائی اسمبلی کی یادگاری شیلڈ پیش کی جو سندھ کی ثقافت، مہمان نوازی اور ادارہ جاتی وقار کی علامت ہیںجمہوریہ کوریا کے سفیر چوئے چانگ مان نے میزبانی پر دلی تشکر کا اظہار کیا اور آئندہ کراچی کے مزید دوروں کی خواہش کا اظہار کیا تاکہ دونوں خطوں کے مابین دوستی اور تعاون کے رشتے کو مزید تقویت دی جا سکے۔