بدعنوانی کے خاتمہ میں طلبا ء کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں، ڈی جی نیب بلوچستان نعمان اسلم

بدھ 30 اپریل 2025 23:35

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2025ء) چیئرمین نیب کے وژن کے مطابق اور انسداد بدعنوانی سے متعلق آگاہی مہم کے تحت، قومی احتساب بیورو (بلوچستان)نے بدھ کو بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز (BUITEMS) کے طلباء اور اساتذہ کے ایک وفد کو مدعو کیا۔ وفد کی قیادت پبلک ایڈمنسٹریشن اینڈ مینجمنٹ سائنسز کے شعبہ کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر نگینہ گل نے کی۔

نعمان اسلم، ڈائریکٹر جنرل نیب (بلوچستان) نے وفد کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے شفافیت کے عمل کو فروغ دینے میں اس طرح کے پروگرام کی اہمیت پر زور دیا۔ وفد نے نیب بلوچستان کے مختلف دفاتر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کام کے طریقہ کار، بشمول شکایات پر کارروائی، انکوائری اور پراسیکیوشن کے عمل کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔

(جاری ہے)

عمران مجید ایڈیشنل ڈائریکٹر نے '' بدعنوانی کے خاتمے میں طلباء کا کردار'' کے عنوان سے ایک معلوماتی لیکچر دیا۔

انہوں نے نیب کی سہہ جہتی حکمت عملی Awareness، Prevention اور Enforcement کے بارے میں تفصیل سے بتایا اور نیب کے قانون اور اس کی ترامیم کے اہم حصوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طلباء اپنے اخلاق اور پیشہ ورانہ مہارت میں عبور حاصل کر کے بدعنوانی سے بہتر انداز میں نبردآزما ہو سکتے ہیں۔ یہ وصف اُن کے مستقبل میں قائدانہ ذمہ داریاں ادا کرنے میں اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان نے طلباء سے تفصیلی گفتگو کی اور اُن کے تمام سوالوں کے جواب دیئے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں چیئرمین نیب کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نیب اپنی تمام تر صلاحیتیں ہائی پروفائل کرپشن کیسز کے حل اور ایسی تدابیر پر صرف کرے گا جس کی بدولت محکموں میں کرپشن کو پنپنے سے روکا جا سکے۔ انہوں نے طلباء کی بدعنوانی کے خلاف کردار سازی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہیں تلقین کی معاشرے سے کرپشن کے اس ناسور کے تدارک کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ دورے کا اختتام پر ڈاکٹر نگینہ گل کو وفد کی جانب سے یادگاری شیلڈ دی گئی اور باہمی اظہار تشکر کیا گیا۔ وفد نے نیب کے اس اقدام کو بدعنوانی سے پاک معاشرے کی تعمیر کی جانب انتہائی با مقصد اور اہم سنگ میل قرار دیا۔