Live Updates

یکم مئی مزدوروں کا عالمی دن ہی نہیں، عافیہ جیسے مظلوموں کی مدد کرنے کا دن بھی ہے، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

بدھ 30 اپریل 2025 19:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2025ء)ملک کی معروف نیورولوجسٹ ایپی لیپسی فائونڈیشن اور گلوبل عافیہ موومنٹ کی سربراہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے عالمی یوم محنت یکم مئی کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یکم مئی صرف مزدوروں کا عالمی دن نہیں ہے بلکہ یہ عافیہ جیسے دنیا بھر کے مظلوموں کی مدد کرنے کا دن بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ MayDay کامطلب ڈوبتے جہاز کے مسافروں کی طرف مدد حاصل کرنے کیلئے سگنل ڈسٹریس (Signal Distress) دینا ہے، ڈاکٹر عافیہ گزشتہ 22 سالوں سے مدد حاصل کرنے کیلئے اپنی قوم اور حکمرانوں کو سگنل دے رہی ہے۔

مزدور کا حق،قیدی کی رہائی اور مسکین کو کھانا کھلانا جنت کا ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں ہر طرف ظلم ہے لیکن تاریخ میں انفرادی ظلم کا بدترین شکار لوگوں میں قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی زندہ مثال ہے ، آج کے دن کی مناسبت سے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے عافیہ موومنٹ کی خصوصی" مے ڈے " پکار پر لبیک کہنا ہر پاکستانی کا فرض ہے، عافیہ کی رہائی کی جدوجہد اور بنیادی ذمہ داری تو حکومت پاکستان کی ہے ،اسے اگر کسی دباؤ کا سامنا ہے تو وہ یقین رکھے کہ پوری قوم اس کی پشت پر ہے، عوام حکومت کو اس کی ذمہ داری یاددلائیں اور اسے اعتماد دیں کہ قوم کی بیٹی کو وطن واپس لائیں اور اللہ اور قوم کے سامنے سرخرو ہوجائیں ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ ہم اپنی بہن اورقوم کی بیٹی عافیہ کی رہائی کیلئے جدوجہد کررہے ہیں اور ہر اہم موقع کو اس مقصد کیلئے استعمال کرتے ہیں تاکہ سب کو ان کی ذمہ داریاں یاد دلائیں۔ قوم مایوس نہ ہو، مشترکہ مستحکم اور مسلسل جدوجہد کرے ، ان شاء اللہ عافیہ ضرور رہا ہوگی اور اللہ آپ کی کوششوں کا بہترین اجر دے گا۔ہم محنت کشوں کی مشکلات دور کرنے کے مطالبات کی بھرپور حمایت کرتے ہیں،مظلوم محنت کشوں کو ان کا حق ملناچاہئے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات