ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ کا بینظیر بھٹو ہسپتال کا دورہ

بدھ 30 اپریل 2025 20:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2025ء) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے بینظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے ایمرجنسی وارڈ، او پی ڈی اور لیبارٹری سمیت مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور ادویات کی دستیابی سمیت دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں موجود مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور طبی سہولیات، عملے کے رویے اور ڈاکٹرز کی کارکردگی سے متعلق معلومات حاصل کیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے شہریوں کے مشوروں کو سراہا اور کہا کہ ان کی آراء کی روشنی میں طبی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔حسن وقار چیمہ کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کے ویژن ''معیاری طبی سہولیات، ہر ایک کی پہنچ میں '' کو عملی جامہ پہنانا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہمارا مقصد محض دورہ کرنا نہیں بلکہ اس کے نتیجے میں آنے والی مثبت تبدیلیاں ہی ہماری اصل کامیابی ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کے لیے پرعزم ہے۔