وفاقی وزیر ریلوے کی زیر صدارت اجلاس ، ریلوے ملتان ڈویژن کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی

جمعرات 16 اکتوبر 2025 13:45

وفاقی وزیر ریلوے کی زیر صدارت اجلاس ، ریلوے ملتان ڈویژن کی کارکردگی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیرِ صدارت یہاں منعقدہ اجلاس میں ریلوے ملتان ڈویژن کی مجموعی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ موجودہ مالی سال کے دوران ٹرینوں کی پابندی اوقات 88 فیصد رہی، جو پچھلے سال اسی مدت کے دوران 86 فیصد تھی ۔ڈی ایس ملتان نے بتایا کہ حالیہ سیلابی حالات کے باعث کچھ آپریشنز عارضی طور پر متاثر ہوئے، تاہم مجموعی کارکردگی گزشتہ سال کے مقابلے میں بہتر رہی۔

انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے پہلی سہ ماہی میں ریونیو 77 ملین روپے زیادہ رہا جو ایک مثبت مالیاتی اشارہ ہے۔بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کے خلاف مہم کے نتیجے میں 13.5 ملین روپے کی اضافی آمدنی حاصل ہوئی، جب کہ چوری اور اسمگلنگ کے خلاف بھی سخت کارروائیاں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ’’کسی اور کی ایک انچ زمین لینی نہیں، ریلوے کی ایک انچ زمین کسی کو چھوڑنی نہیں‘‘۔

رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں 87.5 ایکڑ ریلوے اراضی واگزار کرائی گئی، جب کہ غیر قانونی قبضے کے خلاف مہم کو مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔وزیر ریلوے کی ہدایت پر سولرائزیشن منصوبہ کامیابی سے جاری ہے، جس کے تحت 14 ریلوے سٹیشنز مکمل طور پر سولر توانائی پر منتقل کیے جا چکے ہیں۔ ڈی ایس آفس ملتان بھی اب مکمل طور پر سولرائزڈ ہے، جس سے بجلی کے اخراجات میں 30 ملین روپے کی بچت ممکن ہوئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ سٹاف ریشنلائزیشن کے ذریعے وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جا رہا ہے، جبکہ ریٹائرڈ ملازمین کو ماہانہ پنشن بروقت ادا کی جا رہی ہے اور کسی کیس میں تاخیر نہیں ہو رہی۔ڈی ایس ملتان نے کہا کہ مسافروں کے مسائل کے حل کے لیے ماہانہ کھلی کچہری کا انعقاد باقاعدگی سے کیا جاتا ہے۔وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے تمام افسران کو سختی سے ہدایت دی کہ وہ اسٹیشنوں کا باقاعدہ معائنہ کریں اور مسافروں سے براہِ راست رابطہ رکھیں، ڈیوٹی میں کسی بھی غفلت یا لاپروائی کی گنجائش نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کا عزم ہے کہ تمام مسافروں کو محفوظ، معیاری اور آرام دہ سفری سہولیات فراہم کی جائیں۔