مزدور چاہے صنعت ، زراعت، تجارت یا خدمات کے شعبے سے وابستہ ہوں قومی ترقی کے اصل محرک ہیں،وفاقی وزیر جام کمال خان

جمعرات 1 مئی 2025 10:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2025ء) وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ مزدور کی انتھک محنت ہماری معیشت کی بنیاد ہے، مزدور چاہے صنعت ، زراعت، تجارت یا خدمات کے شعبے سے وابستہ ہوں قومی ترقی کے اصل محرک ہیں۔ جمعرات کو یومِ مزدور کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر تجارت نے کہا کہ آج کے دن میں اُن محنتی مردوں اور عورتوں کو دلی خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جن کی انتھک کاوشیں ہماری معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محنت کا وقار ایک مضبوط اور خوشحال قوم کی بنیاد ہے، ہمارے مزدور چاہے صنعت، زراعت، تجارت یا خدمات کے شعبے سے وابستہ ہوں قومی ترقی کے اصل محرک ہیں۔ جام کمال خان نے کہا کہ وزارتِ تجارت اس عہد پر کاربند ہے کہ ایسا ماحول فراہم کیا جائے جہاں مزدوروں کے حقوق کا تحفظ ، باعزت روزگار اور منصفانہ تجارت کے مواقع میں اضافہ ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم جامع اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے تمام شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھیں گے تاکہ افرادی قوت کی مہارتوں میں اضافہ، مقامی صنعتوں کا فروغ اور برآمدی صلاحیت کو وسعت دی جا سکےجس کا براہِ راست فائدہ ہمارے مزدور طبقے کو پہنچے گا۔آئیے ہم سب پاکستان کے ہر مزدور کے لیے مساوات، انصاف اور احترام کی اقدار کو ایک بار پھر اپنا عزم بنائیں۔\932

متعلقہ عنوان :