سینیٹری ورکرز ہمارے معاشرے کے ہیرو ہیں جو صفائی، صحت عامہ اور ماحولیاتی بہتری کے لیے دن رات محنت کرتے ہیں،رانا ساجد صفدر

جمعرات 1 مئی 2025 14:16

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2025ء) سی ای او راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر نے کہا ہے کہ سینیٹری ورکرز ہمارے معاشرے کے وہ خاموش ہیرو ہیں جو صفائی، صحت عامہ اور ماحولیاتی بہتری کے لیے دن رات محنت کرتے ہیں،یہ مرد وخواتین ورکرز درحقیقت ہمارے فرنٹ لائن سولجرز ہیں، جو موسم، حالات یا تعطیلات کی پرواہ کیے بغیر شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کرنے میں اپنا کردار نبھا رہے ہیں۔

یکم مئی یومِ مزدور کے موقع پر ایک خصوصی پیغام میں سینیٹری ورکرز اور دیگر محنت کشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے رانا ساجد صفدر نے کہا کہ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اپنے سینیٹری عملے کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

''ہم نے نہ صرف ان کی حفاظت اور فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے حفاظتی سامان کی فراہمی یقینی بنائی ہے بلکہ ان کے لیے جدید مشینری، تربیتی کورسز اور بہتر سہولیات کا انتظام بھی کیا جا رہا ہے۔

رانا ساجد صفدر نے کہا کہ حکومت پنجاب اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں محنت کشوں کی بہبود کے لیے جو اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، وہ قابلِ تحسین ہیں۔ مزدوروں کی اجرت میں اضافہ، فلاحی پروگراموں کی توسیع، سوشل سیکیورٹی اور ہیلتھ انشورنس جیسے منصوبے عملی اقدامات کی واضح مثال ہیں۔انہوں نے کہا کہ یومِ مزدور صرف ایک دن منانے کا نہیں بلکہ محنت کشوں کی جدوجہد کو تسلیم کرنے، ان کی مشکلات کو سمجھنے اور ان کے حل کے لیے سنجیدہ کوششوں کا عہد کرنے کا دن ہے۔

''ہم سب کو اس عہد کو نبھانے کے لیے اپنے اپنے دائرہ کار میں مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ صفائی کے عمل میں کمپنی کے ورکرز کے ساتھ تعاون کریں، کوڑا کرکٹ مخصوص مقامات پر ڈالیں اور سینیٹری ورکرز کے ساتھ عزت و احترام کا رویہ اپنائیں۔ انہوں نے تمام محنت کشوں، خصوصاً آر ڈبلیو ایم سی کے محنتی سینیٹری ورکرز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے جذبے، محنت اور قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ راولپنڈی کو صاف، صحت مند اور خوبصورت شہر بنانے کی خواب کی تعبیر آپ جیسے عظیم لوگوں کی بدولت ہی ممکن ہے۔