Live Updates

امریکہ کی بھارت کو سمندری نگرانی کے ساز و سامان کی فروخت کی منظوری

امریکی ڈیفنس سکیورٹی کوآپریشن ایجنسی نے کانگریس کو اس مجوزہ دفاعی معاہدے کی باضابطہ اطلاع دے دی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 1 مئی 2025 13:58

امریکہ کی بھارت کو سمندری نگرانی کے ساز و سامان کی فروخت کی منظوری
واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 مئی 2025ء ) امریکہ نے بھارت کو سمندری نگرانی کے جدید سازوسامان کی فروخت کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے بھارت کو انڈو پیسیفک میری ٹائم ڈومین اویئرنیس اور اس سے متعلقہ ساز و سامان کی ممکنہ فروخت کی منظوری دے دی ہے جس کی مالیت تقریباً 13 کروڑ 10 لاکھ امریکی ڈالر ہے، جس کا مقصد بھارت کی بحری صلاحیتوں کو بڑھانا اورخطے میں مشترکہ آپریشنزکو فروغ دینا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ امریکی ڈیفنس سیکیورٹی کوآپریشن ایجنسی نے کانگریس کو اس مجوزہ دفاعی معاہدے کی باضابطہ اطلاع دے دی ہے، اس معاہدے کے تحت بھارت نے سی ویژن نامی سافٹ ویئر، اس میں تکنیکی بہتری، ٹیکنیکل اسسٹنس فیلڈ ٹیم کی تربیت، ریموٹ سپورٹ اور دستاویزی رسائی سمیت دیگر لاجسٹک اور پروگرام معاونت حاصل کرنے کی درخواست دی ہے۔

(جاری ہے)

امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ مجوزہ فروخت امریکہ کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے مقاصد کو فروغ دے گی کیوں کہ اس سے امریکہ اور بھارت کے اسٹریٹجک تعلقات مضبوط ہوں گے اور انڈو پیسیفک اور جنوبی ایشیا کے خطے میں سیاسی استحکام، امن اور معاشی ترقی کو تقویت ملے گی، اس معاہدے سے بھارت کی موجودہ اور مستقبل کی سمندری خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا، بالخصوص تجزیاتی استعداد اور اسٹریٹجک پوزیشننگ میں بہتری آئے گی تاہم اس سودے سے خطے میں فوجی طاقت کا توازن متاثر نہیں ہوگا۔

بتایا جارہا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ کی بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر سے ٹیلی فون پر بات چیت کی، امریکی وزیر خارجہ نے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سے ٹیلی فونک رابطے میں پہلگام حملے میں جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا، اس دوران جنوبی ایشیا میں امن اور سکیورٹی برقرار رکھنے پر تبادلہ خیال کیا گیا، مارکو روبیو نے دہشت گردی کے خلاف بھارت کے ساتھ تعاون کے لیے امریکی عزم کا اعادہ کیا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات